Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوئٹہ میں امارات کے تعاون سے امراض قلب سینٹر کی تعمیر، ’80 فیصد کام مکمل‘

وزیراعلیٰ جام کمال کا کہنا ہے کہ 'صحت کا شعبہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے' (فوٹو: اے پی پی)
متحدہ عرب امارات کی حکومت کے تعاون سے کوئٹہ میں 120 بستروں پر مشتمل امراض قلب کے علاج کے لیے کارڈیک سینٹر تعمیر کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت شیخ محمد بن زاید النہیان کارڈیک سینٹر کوئٹہ کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس جمعرات کو وزیر اعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوا، جس میں کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور دیگر اعلٰی حکام نے بھی شرکت کی۔
بلوچستان حکومت کے محکمہ شعبہ تعلقات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’یو اے ای حکومت کے تعاون سے 120 بستروں پر مشتمل کارڈیک سینٹر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ جس کا 80 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔‘
اجلاس کو سیکریٹری صحت کی جانب سے کارڈیک سینٹر سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 'کارڈیک سینٹر کے لیے جدید مشینری کی خریداری کا عمل جاری ہے۔'
انہوں نے مزید بتایا کہ ’کارڈیک سینٹر سے متعلق مسودہ تیار کر کے محکمہ قانون کو بھجوا دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ کارڈیک سینٹر کے فیز ون میں او پی ڈی، ایمرجنسی سروس اور ڈائیگناسٹک لیب کام کرنا شروع کر دے گی۔‘
اجلاس میں کارڈیک سینٹر کوئٹہ کے بورڈ آف گورنرز کی کمپوزیشن میں ترمیم کی منظوری کے علاوہ کارڈیک سینٹر کے نام کو تبدیل کرکے شیخ سلمان بن زاید النہیان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی رکھنے کی منظوری دی گئی۔
اس کے ساتھ ساتھ کارڈیک سینٹر کے لیے مطلوبہ فنڈز کے اجرا اور ہیومن ریسورس کی بھی منظوری دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلٰی نے کہا کہ ’صحت کا شعبہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے اور صوبے کے عوام کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ 'تاریخ میں پہلی مرتبہ امراض قلب کے علاج معالجے کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کینسر ہسپتال کی تعمیر کا بھی منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔'
'اس کے علاوہ بلوچستان حکومت کی جانب سے یونیورسل ہیلتھ کارڈ کے اجرا پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ بلوچستان کے عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات احسن انداز سے فراہم کی جا سکیں۔'

شیئر: