Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

  کویت کا بھی لبنان سے پھلوں اور سبزیوں کی درآمد روکنے کا فیصلہ

کویت نے سعودی عرب کے فیصلے کی مکمل حمایت کی ہے. ( فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب کے بعد کویت نے بھی لبنان سے پھلوں اور سبزیوں کی درآمد روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کویتی اخبارالرائے کے مطابق وزارت تجارت کے حکام اور درآمد کنندگان کے درمیان ملاقات کے بعد زبانی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی کونا نے کویتی وزارت خارجہ سے جاری بیان کے حوالے سے کہا کہ ’کویت نے لبنان سے پھل اور سبزیوں کی درآمد روکنے کے فیصلے پر سعودی عرب کی مکمل حمایت کی ہے‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’سعودی حکومت کا یہ خود مختار فیصلہ اپنی سرزمین میں غیر قانونی منشیات میں داخل ہونے سے روکنے اور سعودی شہریوں کے تحفظ کے لیے ہے‘۔
کویتی وزارت خارجہ نے لبنانی حکام پر زور دیا کہ ’وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں کہ ان کی درآمدات ممنوعہ مواد سے پاک ہوں‘۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب نے منشیات کی روک تھام کے لیے لبنان سے درآمد ہونے والے پھل اور سبزیوں پر پابندی عائد کی تھی۔
 فیصلے کے مطابق لبنان سے درآمد ہونے والے پھل اور سبزیوں سعودی عرب میں داخل نہیں ہو سکیں گی اور نہ ہی انہیں ہمسایہ ممالک میں ٹرانزٹ کیا جائے گا۔ 
دوسری جانب اس حوالے سے لبنانی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ’لبنانی حکام کو سمگلنگ کی سرگرمیاں روکنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے ہوں گے۔‘
’لبنان سے بھیجے جانے والے پھلوں اور سبزیوں کے ٹرکوں یا کنٹینرز کے ذریعے نشہ آور اشیا کی سمگلنگ ملکی معیشت، کاشتکاروں اور لبنان کی ساکھ کے لیے نقصان دہ ہے۔‘

شیئر: