Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’زائرین مسجد الحرام میں بچوں کو ہمراہ نہ لائیں‘

اجازت نامےاعتمرنا اور توکلنا ایپس کے ذریعے حاصل کیے جائیں( فوٹو ٹوئٹر وزارت حج)
سعودی وزارت حج و عمرہ نے ہدایت کی ہے کہ ’والدین نماز یا عمرے کے لیے مسجد الحرام آتے وقت بچوں کو ہمراہ نہ لائیں‘۔
’رمضان کے دوران عمرہ اور نماز کے اجازت ناموں کے اجرا کی اہم شرط یہ ہے  کہ کوئی بھی عمرہ زائر یا نماز کے لیے مسجد الحرام آنے والا بچوں کو ہمراہ نہ لائے‘۔
عکاظ اخبار کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ’ اعتمرنا اور توکلنا ایپس کے ذریعے اجازت نامے حاصل کیے جائیں‘۔
اجازت نامے ان افراد کو جاری کیے جا ئیں گے جو کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکے ہوں، پہلی خوراک کو 14 روز گزر چکے ہوں یا کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد صحت یاب ہو چکے ہوں۔
 وزارت حج کی جانب سے جاری ضوابط میں کہا گیا کہ ’ممنوعہ گاڑیوں سے مسجد الحرام کے آس پاس کے علاقے میں جانا منع ہے۔ استقبالیہ مراکز  مقررہ دن اور وقت پر پہنچنے کا اہتمام کیا جائے۔ تاریخ اور وقت سے قبل پہنچنے کی اجازت ہوگی اور نہ بعد میں آنے کی‘۔
وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ’ عمرہ اور نماز کے اجازت نامے وزارت صحت کی ہدایات کے مطابق 18 سے 70 برس تک کی عمر کے لوگوں کے لیے جاری کیے جارہے ہیں‘۔ 
یاد رہے کہ وزارت حج و عمرہ اس سے  یہ واضح  کرچکی ہے کہ کسی ایک دن کی پانچوں نمازوں کی بکنگ بیک وقت کی جاسکتی ہے تاہم ایک دن سے زیادہ ایک وقت میں نمازوں کی بکنگ نہیں ہوسکتی۔ ایک دن کی نمازوں کا اجازت نامہ ختم ہونے پر اگلے دن کے لیے حاصل کیا جاسکتا ہے۔

شیئر: