Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کیسز میں اضافہ: پاکستان میں تمام امتحانات 15 جون تک ملتوی

وفاقی وزیر تعلیم نے بتایا کہ ’او لیول کے امتحانات اب اکتوبر میں ہوں گے‘ (فوٹو: پی آئی ڈی)
پاکستان میں آئندہ چند ہفتوں میں ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم کا کہنا ہے کہ ’15 جون تک کوئی بھی امتحان نہیں لیا جائے گا۔‘
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے منگل کو معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں امتحانات ملتوی کرنا کا اعلان کیا۔
شفقت محمود کا کہنا تھا کہ ’آج سے لے کر 15 جون تک کوئی امتحان نہیں ہو گا اور نویں سے بارہویں جماعت کے جو امتحانات مئی کے آخر میں شروع ہونا تھے، انہیں ملتوی کردیا گیا ہے اور 15 جون تک کوئی امتحان نہیں ہو گا۔

 

وفاقی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ ’ہم ایک ایسی صورت حال کی طرف بڑھ رہے ہیں جہاں ہمیں زیادہ انفیکشن والوں علاقوں کا شاید لاک ڈاؤن کرنا پڑے۔‘
’لہٰذا اسد عمر کی زیر صدارت ہونے والے این سی او سی کے اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ 15 جون تک کوئی امتحان نہیں ہوگا۔
وفاقی وزیر تعلیم نے بتایا کہ ’او لیول کے امتحانات اب اکتوبر میں ہوں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’امتحانات کی نئی تاریخوں کا فیصلہ مئی کے دوسرے یا تیسرے ہفتے میں ہونے والے اجلاس کے دوران وبا کی صورت حال دیکھتے ہوئے کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ ’جن طلبہ و طالبات کا تعلیمی سال ضائع ہونے کا خدشہ ہے ان کے لیے خصوصی امتحان کا فیصلہ کیا جائے گا۔‘

شیئر: