Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’میرا دل ٹُوٹ رہا ہے‘ پرینکا چوپڑا کی امریکی صدر سے انڈیا کی مدد کرنے کی اپیل

کورونا سے نمٹنے میں ناکامی پر سوشل میڈیا صارفین نے بی جے پی کی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث پیدا ہونے والی بدترین صورت حال نے ہر کسی کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
بالی وڈ اداکارہ پرینکا چوپڑا نے وبا کی وجہ سے جنم لینے والے انسانی بحران کے دوران امریکی صدر جو بائیڈن سے انڈیا کی فوری مدد کی اپیل کی ہے۔
منگل کو ایک ٹویٹ میں اداکارہ نے امریکی صدر جو بائیڈن کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل کو ٹیگ کر کے لکھا کہ 'میرا دل ٹوٹ رہا ہے۔ انڈیا کورونا وائرس سے متاثر ہے اور امریکہ نے مزید 55 کروڑ ویکسین کی خوراکوں کا آرڈر دیا ہے جو اس کی ضرورت سے زائد ہے۔'

 

پرینکا چوپڑا نے دنیا کو آسٹرازینیکا ویکسین فراہم کرنے پر امریکی صدر، سیکرٹری خارجہ اور وائٹ ہاؤس کے چیف آف سٹاف رونلڈ کلن کو ٹیگ کر کے شکریہ ادا کیا اور لکھا کہ 'لیکن میرے ملک میں صورت حال نہایت سنگین ہے۔ کیا آپ فوری طور پر انڈیا کو ویکسین فراہم کریں گے؟'
خیال رہے کہ انڈیا میں گذشتہ ایک ہفتے کے دوران تین لاکھ سے زائد یومیہ کورونا کیسز سامنے آئے۔ دہلی سمیت کئی بڑے ہسپتالوں میں مریضوں کی گنجائش ختم ہو گئی جبکہ آکسیجن کی سپلائی نہ ہونے اور سٹریچر کم پڑ جانے سے انسانی بحران نے جنم لیا۔
دہلی میں لگائے گئے لاک ڈاؤن میں تین مئی تک توسیع کی جا چکی ہے جبکہ کئی شہروں میں شمشان گھاٹوں اور قبرستانوں میں میتوں کی آخری رسومات کی ادائیگی کے لیے جگہ کم پڑ گئی ہے۔
انڈیا میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد دو لاکھ سے بڑھ چکی ہے۔
انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی نے حالیہ دنوں میں وبا کی دوسری لہر کو طوفان قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’اس نے قوم کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔‘
اتوار کو وزیراعظم مودی نے تمام شہریوں پر ویکسین لگوانے اور احتیاط برتنے پر زور دیا جبکہ ہسپتالوں اور ڈاکٹروں نے نوٹس دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’وہ مریضوں کی بڑی تعداد سے نمٹ نہیں پا رہے۔‘
بھارتیا جنتا پارٹی کی حکومت پر وائرس پر قابو پانے میں ناکامی اور شہریوں کو صحت کی سہولیات فراہم نہ کیے جانے پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے بی جے پی کی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا ہے جس کے بعد حکومت نے ٹوئٹر انتظامیہ کو کئی تنقیدی ٹویٹس ہٹانے کے لیے کہا ہے۔

شیئر: