Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مریم نواز کی یاسمین راشد کے لیے نیک خواہشات، ’اللّہ ماؤں کو سلامت رکھے‘

ڈاکٹر یاسمین راشد کینسر میں مبتلا ہونے کے باوجود اپنے فرائض نبھا رہی ہیں۔ فوٹو اے پی پی
پاکستان کے صوبہ پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی کینسر کے مرض میں مبتلا ہونے کی خبر سامنے آنے پر سوشل میڈیا صارفین ان کی اچھی صحت کے لیے دعا گو ہیں اور نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں۔ 
جہاں ڈاکٹر یاسمین راشد کی صحت کے حوالے سے حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان نے ان کی صحت کے لیے دعائیں کی وہیں صحافیوں اور اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے بھی ڈاکٹر یاسمین کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔ 
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے اپنی ٹویٹ میں ڈاکٹر یاسمین کی صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے اپنی والدہ کا بھی تذکرہ کیا۔
مریم نواز نے کہا کہ ان کی والدہ بھی ایسے ہی مرض میں مبتلا  تھیں اور وہ جانتی ہیں کہ یہ کتنی تکلیف دہ بیماری ہے۔
’ڈاکٹر یاسمین راشد کی صحت کے لیے دعا گو ہوں۔ میری والدہ نے اس موذی مرض کا سامنا کیا تھا اور میں جانتی ہوں یہ کتنی تکلیف دہ بیماری ہے۔ ڈاکٹر صاحبہ بھی ماں ہیں۔ اللّہ ماؤں کو سلامت رکھے۔ آمین‘
خیال رہے کہ ترجمان وزارت صحت پنجاب کے مطابق یاسمین راشد چھاتی کے سرطان میں مبتلا ہیں۔ چھ ماہ قبل ان کا کامیاب آپریشن ہوا تھا اور اب ان کی کیمو تھراپی کے سیشن چل رہے ہیں، اور آج جمعے کو بھی ان کا سیشن تھا۔
نجی ٹیلی ویژن کے تجزیہ کار حسن حفیظ نے ڈاکٹر یاسمین راشد کے ہمراہ اپنی ایک تصویر ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد جنہوں نے کینسر کے مرض کا شکار ہونے کے باعث اپنے بالوں کو کھو دیا، یاسمین راشد ایک با ہمت خاتون ہیں۔ کورونا وبا کی اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنی بیماری کے دوران بھی پوری لگن سے کام کر رہی ہیں۔
صارف مہر تارڑ ڈاکٹر یاسمین راشد کی بیماری پر بات کرتے ہوئے لکھتی ہیں کہ ’آپ ہماری ہیرو ہیں، آپ سپر وومن ہیں یاسمین صاحبہ۔ آپ کے لیے بہت سی دعائیں اور محبتیں۔ آپ جلد صحت یاب ہوں۔‘
ڈاکٹر یاسمین راشد نے بھی ٹویٹ کے ذریعے تمام صارفین کا شکریہ ادا کیا جو ان کی صحت کے لیے دعا گوہ رہے۔ یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ وہ بھرپور طرح سے اپنے فرائض نبھاتی رہیں گی۔ ساتھ ہی میں ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ عوام کے لیے صحت کے نظام میں بہتری آنا شروع ہو گئی ہے، اور ان کی پوری کوشش ہو گی کہ ہیلتھ کیئر کا نظام مکمل طور پر بہتر ہو۔‘
نیک تمناؤں کا اظہار کرنے والوں میں شامل محبوب اسماعیل لکھتے ہیں کہ ’اس مشکل وقت میں آپ کی انفرادی کارکردگی نے ثابت کیا ہے کہ آپ ایک مقبول سیاسی شخصیت ہیں اور ہم سب آپ کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں اور پورا یقین ہے کہ آپ جلد صحت یاب ہو کر عوامی فلاح کے کاموں کو پہلے کی طرح سرانجام دینا شروع کردیں گی۔‘
سوشل میڈیا صارفین کینسر سے متعلق اپنے ذاتی تجربات شیئر کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد کی ہمت کی داد دے رہے ہیں۔

شیئر: