Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سبزیاں فروخت کرنے والی سعودی خاتون کو مستقل ٹھکانہ مل گیا

مجھے کسی کی ہمدردی نہیں چاہئے- (فوٹو العربیہ)
سعودی عرب کے شہر دمام میں سبزی فروش سعودی خاتون ’ام زیاد‘  سے متعلق وڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہے ۔ مقامی شہری نے دکان کے سامنے وڈیو بنا کر نفرت انگیز زبان استعمال کی تھی۔

نائب گورنرمشرقی ریجن شہزادہ احمد بن فہد بن سلمان نے خاتون کو دکان الاٹ کرنے کا حکم جاری کیا- (فوٹو سبق)

وڈیو وائرل ہونے پر مشرقی ریجن کے نائب گورنر نے خاتون کو مستقل طور پر دکان الاٹ کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔
العربیہ نیٹ سے گفتگو میں ام زیاد نے بتایا کہ میرے خلاف بنائی گئی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔ میں نادار خاتون ہوں۔ میرا مقصد روزی روٹی کمانا ہے اس کے سوا کچھ نہیں۔ 
ام زیاد نے کہا کہ تین برس سے دمام کے متعدد محلوں میں پیاز، آلو اور سبزیاں فروخت کرکے اپنی روزی روٹی کا انتظام کررہی ہوں۔ 
وڈیو کے پس منظر سے متعلق ام زیاد نے کہا کہ جس شخص نے میری وڈیو بنائی ہے اسے محلے میں آتا جاتا دیکھتی تھی۔ اس وقت حیرت ہوئی جب وہ میری فرشی دکان پر آیا اور مجھ سے پوچھ گچھ کرنے لگا۔ میں بتانا چاہتی ہوں کہ مجھے کسی کی ہمدردی نہیں چاہئے۔ اپنی محنت و مشقت سے حاصل ہونے والی کمائی پر فخر ہے۔ 
ام زیاد نے بتایا کہ اس شخص نے پولیس طلب کرلی۔ اس پر مجھے گھبراہٹ محسوس ہوئی۔ اس واقعہ کے بعد سے محلے میں خوفزدہ ہوکر زندگی گزار رہی ہوں۔
سعودی خاتون نے بتایا کہ اس کے نو بچے ہیں۔ یومیہ آمدنی 100 ریال سے زیادہ نہیں ہوتی۔ کسی کو تکلیف دینا چاہتی ہوں اور نہ  کسی کی روزی رکوانا چاہتی ہوں۔ میری آرزو ہے کہ مجھے سبزیاں فروخت کرنے کے لیے کوئی مناسب جگہ مل جائے جہاں میں دھوپ سے محفوظ رہ کر سبزی فروخت کرسکوں۔ 
ام زیاد کی وڈیو بنانے والے مقامی شہری کا نام ٹوئٹر پر ہیش ٹیگ بن گیا۔ صارفین نے اس کے اس رویے پر ناگواری کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ  پبلک پراسیکیوشن نے ام زیاد کی وڈیو بنانے اور اس سے پوچھ گچھ کرنے والے مقامی شہری کو قانونی کارروائی کے لیے طلب کرلیا ہے۔
دریں اثنا سبق ویب سائٹ کے مطابق مشرقی ریجن کے نائب گورنر شہزادہ احمد بن فہد بن سلمان نے تشدد سے دوچار خاتون ’خزنہ زید‘ کے لیے مستقل دکان الاٹ کرنے کا حکم جاری کیاہے۔
نائب گورنر نے متاثرہ خاتون کو ٹیلیفون کرکے مستقل باقاعدہ دکان الاٹ کرنے کی خوشخبری سنائی اور یقین دلایا کہ آئندہ اسے کوئی پریشان نہیں کرے گا۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں
 

شیئر: