Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی آرامکو کے منافع میں 30 فیصد کا اضافہ

آرامکو نے رواں سال کی پہلی سہ ماہی کا منافع 18.8 ارب ڈالر ظاہر کیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
دنیا کی سب سے بڑی تیل کی کمپنی سعودی آرامکو کے پہلی سہ ماہی کے منافع میں 30 فیصد سے زائد تک کا اضافہ ہوا ہے جو 21.7 ارب ڈالر کے برابر ہے۔ 
عرب نیوز کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ، ڈاؤن سٹریم مارجن میں بہتری اور سب سے بڑی سعودی پیٹرو کیمیکل کمپنی ایس اے بی آئی سی کے انضمام سے آرامکو کی سیلز 20 فیصد اضافے سے 272.1 ارب سعودی ریال تک پہنچی ہیں۔
آرامکو نے منگل کے روز پہلی سہ ماہی کا منافع 18.8 ارب ڈالر ظاہر کیا ہے جو سال کی دوسری سہ ماہی میں ادا کیا جائے گا۔
آرامکو کے صدر اور چیف ایگزیکٹو امین نصر نے کہا کہ ’عالمی معیشت کی بحالی سے توانائی کی منڈی کو تقویت ملی ہے، آرامکو کے آپریشنز میں لچک، مالی استحکام اور ملازمین کی ہمت کے باعث پہلی سہ ماہی میں مضبوط کارکردگی دکھا سکے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’رواں سال میں توانائی کی طلب میں اضافے سے مستقبل میں بہتری  کی امید ہے، جبکہ منافع میں کمی ممکن ہے لیکن آرامکو دنیا کی بڑھتی ہوئی توانائی کی طلب کو پورا کرنے کے لیے تیار ہے۔‘
آرامکو کمپنی سعودی عرب کی معیشت کو تبدیل کرنے کے کھربوں ڈالر کے منصوبے کا اہم حصہ ہے۔ منصوبے میں توانائی کے صاف ذرائع کو بروئے کار لانا، مضرصحت گرین ہاؤس گیسز کے اخراج میں کمی اور متبادل ایندھن کا استعمال شامل ہے۔
آرامکو کے صدر کا کہنا تھا کہ ’اس سہ ماہی کے دوران سٹراٹیجک مقاصد کی جانب پیش قدمی کی ہے اور 12.4 ارب ڈالر کی پائپ لائن انفراسٹرکچر ڈیل کا بھی اعلان کیا ہے۔‘

پہلی سہ ماہی میں آرامکو کے منافع میں 30 فیصد کا اضافہ ہوا ہے (فوٹو: اے ایف پی) 

آرامکو کے صدر امین نصر نے امید ظاہر کی کہ ’سعودی عرب کے حال ہی میں شروع ہونے والے پروگرام ’شریک‘ میں بھی ایسی مراعات دی جائیں گی جن کے ذریعے ترقی کے مواقع پیدا ہوں، اور سرمایہ کاری اور شراکت داری کو فروغ مل سکے۔‘
آرامکو کی سال کی پہلی سہ ماہی میں ہائیڈرو کاربن کی پیداوار یومیہ 11.5 ملین بیرل کی ہوئی ہے، جبکہ خام تیل کی یومیہ پیداوار 8.6 ملین بیرل ہے۔
کورونا کی وبا کے بعد سے توانائی کی طلب میں آہستہ آہستہ اضافے کے باعث تیل کی کمپنیوں کو بھی فائدہ ہونا شروع ہو رہا ہے۔
بین الاقوامی سفر کی بحالی اور بڑی کمپنیوں میں ملازمین کی واپسی سے امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ رواں سال تیل کی قیمتوں میں بہتری آئے گی۔ تاہم انڈیا میں وائرس کے کیسز میں بے قابو حد تک اضافے کے بعد تیل کی طلب متاثر ہوئی ہے، جس سے ایک مرتبہ پھر خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے۔
آرامکو نے اپنے 85 فیصد یعنی ایک لاکھ 78 ہزار سے زائد ملازمین کو خود کورونا ویکسین لگوائی ہے، جن میں ریٹائرڈ ملازمین اور دیگر عملہ بھی شامل ہے۔ 

شیئر: