وفاقی وزیر اطلاعت و نشریات فواد چوہدری نے حکومت پاکستان کے لوگو میں ’چائے اور پٹ سن‘ کے نشان کی جگہ سائنس اور ٹیکنالوجی اور تعلیم کے علامتی نشان لگانے کا مشورہ دیا ہے۔
پیر کو اپنی ایک ٹویٹ میں حکومت پاکستان کا لوگو شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ’میری رائے ہے کہ حکومت پاکستان کے لوگو میں پٹ سن اور چائے کی جگہ سائنس و ٹیکنالوجی اور تعلیم کے آئیکون لگائے جائیں۔‘ اس کے ساتھ ہی انہوں نے گرافک ڈیزائنرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے اپنے آئیڈیاز بھیجیں۔‘
In Government of Pakistan logo my suggestion is Jute and Tea should be replaced with Science & Technology and education icons, graphic designers there send me your ideas.... pic.twitter.com/l0hJJ73pV5
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) May 10, 2021
حکومت پاکستان کی سرکاری بیب سائٹ پر دستیاب معلومات کے مطابق پاکستان کی اس ریاستی علامت (لوگو) کو 1956 میں بنایا گیا تھا۔ پھولوں کی ڈالی کے درمیان چار خانوں پر مشتمل عکس کے اوپر کی جانب ویسا ہی چاند ستارہ ہے جیسا پاکستان کے پرچم پر ہوتا ہے۔ علامت کے نیچے قائد اعظم کے تین رہنما اصول ’ایمان، اتحاد، تنظیم‘ لکھے گئے ہیں۔ پاکستان کے ریاستی نشان کو چار خانون میں تقسیم کیا گیا ہے جس کے اوپر کی جانب دائیں خانے میں چائے کی پتی کا پودا، بائیں خانے میں کپاس جبکہ نچلے دو خانوں میں گندم اور پٹ سن کے نشان موجود ہیں۔
فواد چوہدری کی اس تجویز سے کئی سوشل میڈیا صٓرفین متفق دکھائی دیے تو کچھ نے موجودہ لوگو میں نئے اضافے کی تجویز دی۔

عبدالرحمان نامی صارف نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’ایک گرافک ڈیزائنر ہونے کے ناطے میں یہ کہوں گا کہ ریاستی علامت میں تبدیلی کی ضرورت ہے، لیکن ایک ترقی پزیر ملک کا شہری ہونے کی حیثیت سے میں کہنا چاہتا ہوں کہ اس علامت کو تبدیل نہ کیا جائے اس کے لیے آپ کو ڈاک ٹکٹ اور تمام سٹیشنری مواد کو تبدیل کرنا پڑے گا جس کے لیے لاکھوں روپے کی ضرورت ہوگی۔ یہی بجٹ آپ سائنس و ٹیکنالوجی کی ترقی کے لیے استعمال کریں۔‘









