Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیلی جارحیت: عرب دنیا کا فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی

سعودی عرب اسرائیل اور فلسطین کے درمیان بننے والی صورت حال کے حوالے سے اقوام متحدہ میں عرب گروپ کے اجلاسوں کی سربراہی کر رہا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
متعدد عرب ریاستوں نے شیخ جراح، غزہ اور مغربی کنارے میں تشدد کی بڑھتی لہر کے دوران فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے جو کہ مقبوضہ علاقے میں اسرائیلی افواج کی جانب سے شدد پسندوں کے خلاف آپریشنز کے باعث جاری ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اسرائیل اور فلسطین کے درمیان بننے والی صورت حال کے بارے میں سعودی عرب اقوام متحدہ میں عرب گروپ کے اجلاسوں کی سربراہی کر رہا ہے۔
اقوام متحدہ میں مملکت کے مستقل نمائندے عبداللہ یحیٰی المعلمی نے اسرائیل کے حالیہ حملوں کے سلسلے میں جنرل اسمبلی کے صدر وولکن بوزکر سے ملاقات کی۔
رپورٹ کے مطابق المعلمی نے اقوام متحدہ میں چین کے مستقل نمائندے سے بھی ملاقات کی۔
یو اے ای کے وزیر برائے امور خارجہ عبداللہ بن زاید النہیان نے بھی اسرائیل اور فلسطین کے درمیان بڑھتے تشدد پر تشویش کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’یو اے ای کو اسرائیل اور فلسطین کے درمیان بڑھتے تشدد پر گہری تشویش ہے۔ ہم حالیہ لڑائی کا شکار ہونے والوں سے اظہار تعزیت کرتے ہیں اور فوری طور پر تشدد اور دشمنی کا سلسلہ بند کرنے کا مطالبہ کرنے والوں میں شامل ہیں۔‘  
بیان کے مطابق ’یو اے ای تمام پارٹیز سے مطالبہ کرتی ہے کہ فوری طور پر فائربندی کے لیے اقدامات کیے جائیں، فوری طور پر سیاسی مذاکرات کا آغاز اور زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کیا جائے۔‘
بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ ’پچھلے ہفتے ہونے واقعات یہ بھی یاد دلاتے ہیں کہ پرامن مذاکرات اور مفاہمت کی کس قدر ضرورت ہے۔‘

سعودی عرب، یو اے ای، تیونس، ترکی اور عراق نے بڑھتے تشدد پر تشویش کا اظہار کیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

عرقی نیوز ایجنسی آئی این اے کے مطابق عراق کے وزیر اعظم مصطفیٰ القادمی اور ترکی کے صدر طیب اردوغان کے درمیان ٹیلی فونک رابطے میں بھی فلسطینیوں کے اپنی ریاست کے حق پر بھی زور دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ’دونوں نے فلسطینیوں کی اپنی سرزمین پر اپنی ریاست قائم کرنے کے حق کی حمایت کی اور اسرائیلی جارحیت کو مسترد کر دیا۔‘
بغداد کی سڑکوں پر بھی بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوکر نہتے فلسطینیوں اور الاقصٰی مسجد پر حملوں کی مذمت کی۔
تیونس کی پریذیڈنسی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بھی فلسطینیوں کے حق اور آزادی کی حمایت کی گئی ہے۔

شیئر: