Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’علیزے شاہ کا لباس زیادہ اہم ہے یا فلسطین کا مسئلہ؟‘

علیزے شاہ نے مشہور گلوکار اور میوزک کمپوزر ساحر علی بگا کے ساتھ اپنا پہلا گانا ’بدنامیاں‘ عید کے تیسرے دن ریلیز کیا۔ (فوٹو: انسٹاگرام علیزے شاہ)
کوئی گانا ہو یا ڈرامہ، کسی اداکار کی ذاتی زندگی ہو یا پھر کوئی سکینڈل، جب سوشل میڈیا صارفین اس پر بحث کرتے ہیں تو اسے ٹاپ ٹرینڈ بننے میں زیادہ دیر نہیں لگتی۔
کچھ ایسا ہی اداکارہ علیزے شاہ کے پہلے گانے کے ساتھ بھی ہو رہا ہے، جو چند روز قبل ہی ریلیز ہوا اور صارفین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
کسی کو گانا پسند نہیں آیا تو کسی کو اداکارہ کے کپڑوں میں نقص نظر آیا۔ سوشل میڈیا صارفین میں سے بیش تر کا کہنا تھا کہ علیزے شاہ ٹاپ ٹریند ہے، اس بات سے بعض سوشل میڈیا استعمال کرنے والوں کی ذہنیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
اس حوالے سے ہونے والی بحث میں حصہ لیتے ہوئے ٹوئٹر صارف فاطمہ نے لکھا کہ ’ہمارے عوام اتنے فارغ ہیں کہ فلسطین کے لیے بات کرنے کے بجائے علیزے شاہ پر بات کر رہے ہیں، جس نے کسی کو کچھ نہیں کہا اور اپنا کام کر رہی ہے لیکن ہمیں تو دوسروں کے بارے میں باتیں بنانے کی پرانی عادت ہے۔‘

ٹوئٹر صارف ذکی خان نے لکھا کہ ’یہ انتہائی عجیب بات ہے، جیسے علیزے شاہ کے لباس کو وجہ بنا کر انہیں آن لائن تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، اس قسم کی مہم میں شامل لوگ دراصل خود بری ذہنیت کے مالک ہیں۔‘ْ

دوسری جانب اداکارہ علیزے شاہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ٹرولز کو جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے یہ سب میمز اور تنقید بے حد مزاحیہ لگی لیکن حیرت اس بات کی ہے کہ نہ جانے ہمارے لوگوں کو کیا ہو گیا ہے۔‘

علیزے شاہ نے مشہور گلوکار اور میوزک کمپوزر ساحر علی بگا کے ساتھ اپنا پہلا گانا ’بدنامیاں‘ عید کے تیسرے دن ریلیز کیا۔ جسے یوٹیوب پر تین دن میں تقریباً 10 لاکھ بار دیکھا جا چکا ہے۔
اس سے قبل اداکارہ علیزے شاہ رمضان کے دوران سیریل تانہ بانہ میں گلوکار علی ظفر کے بھائی کے ساتھ مرکزی کردار میں نظر آئیں۔

شیئر: