Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سارے مافیاز مل کر این آر او لینے کی کوشش کر رہے ہیں: عمران خان

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’2028 تک ملک میں مہمند اور بھاشا سمیت 10 ڈیمز بن جائیں گے‘ (فوٹو: روئٹرز)
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ’سارے مافیاز مل کر این آر او حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو کامیاب نہیں ہوگی۔‘
بدھ کو پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ’پیسے بچانے کے لیے لندن بھاگ جانے والے زیادہ دیر تک نہیں بچیں گے۔‘
بقول ان کے ’اب زیادہ وقت نہیں لگے گا، بھگوڑوں کو وطن واپس اور قانون کے تابع لائیں گے۔‘ عمران خان کے مطابق ’ہمارے ملک میں مسائل کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ یہاں غریب کے لیے جیل اور طاقت ور کے لیے این آر او ہے۔‘
وزیراعظم نے علامہ اقبال کو نظریاتی لیڈر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان نے ایک فلاحی اسلامی ریاست بننا تھا، لیکن بدقسمتی سے کسی نے اس خواب کو سمجھا ہی نہیں۔‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’ہمارے ملک کا مقصد کیا تھا، اور ہم کس طرف چل پڑے ہیں۔‘
انہوں نے خیبر پختونخوا میں دوسری بار تحریک انصاف کی حکومت آنے کے حوالے سے کہا کہ ’یہ صوبہ کسی کو دوسری باری نہیں دیتا، مگر کارکردگی کی وجہ سے ہمیں دو تہائی اکثریت ملی۔‘
عمران خان نے اقوام متحدہ کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’اس میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں غربت کم اور انسانی ترقی سب سے زیادہ ہوئی ہے۔‘
وزیراعظم نے ملک میں پانی کے مسئلے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمارے ہاں آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے، آنے والے وقت میں پانی کمی ہو سکتی ہے۔‘
ان کے مطابق ’اس کا حل یہ تھا کہ 50 سال قبل ڈیمز بنائے جاتے تاہم ایسا نہیں کیا گیا۔‘
انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’2028 تک مہمند اور بھاشا سمیت 10 ڈیمز بن جائیں گے۔‘

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’ہم پانی سے 50 ہزار میگا واٹ بجلی بنا سکتے ہیں‘ (فوٹو: ڈویلپنگ پاکستان ٹوئٹر)

عمران خان کا کہنا تھا کہ ’حکومت نے آئی پی پیز کے ساتھ نئے معاہدے کر کے کافی بچت کی ہے تاہم ماضی کی حکومتوں نے جلدی میں معاہدے کر کے پیسے کھائے تھے۔‘
انہوں ںے کہا کہ ’ہم پانی سے 50 ہزار میگا واٹ بجلی بنا سکتے ہیں، اناج، توانائی اور پانی کے مسائل ڈیموں کی تعمیر سے حل ہوں گے۔‘
انہوں نے اس خدشے کا اظہار بھی کیا کہ ’ایسے اقدامات نہ کیے گئے تو آنے والے برسوں میں اناج کا بحران پیدا ہو سکتا ہے۔‘

شیئر: