Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’چیز برگر کی تلاش‘ میں ریسٹورنٹ پہنچنے والا مگرمچھ ’گرفتار‘

پولیس اور محکمہ جنگلات کے عملے نے مگرمچھ کو قابو کرنے کے بعد محفوظ مقام پر منتقل کیا (فوٹو: ٹوئٹر، لی کاؤنٹی شیرف)
امریکی شہر فلوریڈا کے ایک ریسٹورنٹ میں آنے والوں کی اس وقت دوڑیں لگ گئیں جب اچانک کہیں سے ایک مگرمچھ نکل آیا۔ اس کے بعد مقامی انتظامیہ حرکت میں آ گئی۔
پارکنگ لاٹ میں موجود ’بھوکے‘ مگرمچھ نے کئی گاہکوں کا پیچھا بھی کیا اگرچہ وہ کسی کو نہ پکڑ سکا تاہم خود پکڑا گیا۔
پولیس نے مگرمچھ کو ’گرفتار‘ کر کے مناسب مقام پر منتقل کر دیا ہے۔
امریکی ویب سائٹ یو پی آئی نے لی کاؤنٹی شیرف آفس کے حوالے سے بتایا ہے کہ بعض گاہکوں کی جانب سے اطلاع موصول ہوئی کہ پارکنگ لاٹ میں گھومتے مگرمچھ کی وجہ سے لوگوں کو پریشانی ہو رہی ہے جس پر کارروائی کی گئی۔
شیرف آفس کا عملہ فلوریڈا فش اور وائلڈ لائف کے حکام کے ہمراہ موقع پر پہنچا تو اس وقت بھی چھ فٹ لمبا مگرمچھ پارکنگ میں موجود تھا اور اس نے ان کا پیچھا کرنے کی بھی کوشش کی، تاہم بعد ازاں راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کرنے میں ناکام رہا۔
عملے نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے مگرمچھ کو محفوظ طریقے سے قابو کرنے کے بعد اس کا منہ باندھ کر بے بس کر دیا۔
اس حوالے سے شیرف آفس کی جانب سے کی جانے والی ٹویٹ میں مگرمچھ کو پکڑنے کے آپریشن کی چند تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا گیا ’ہو سکتا ہے وہ بہت زیادہ بھوکا ہو اور چیز برگر کی تلاش میں آیا ہو لیکن اس نے لوگوں کو بہت زیادہ خوف زدہ کیا۔‘

مگرمچھ کو مناسب مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے (فوٹو: ٹوئٹر، لی کاؤنٹی شیرف آفس)

شیرف آفس کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مگرمچھ کو اس کی مناسبت سے موزوں جگہ پر لے جا کر چھوڑ دیا گیا۔

شیئر: