Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں امریکہ کا کوئی فوجی یا فضائی اڈہ نہیں: دفتر خارجہ

امریکہ نے 11 ستمبر تک افغانستان سے اپنے فوجی انخلا کا اعلان کر رکھا ہے (فوٹو: گیٹی امیجز)
پاکستان کے دفتر خارجہ نے میڈیا میں زیر گردش خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں امریکہ کا کوئی فوجی یا فضائی اڈہ نہیں ہے۔
پیر کو دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ نے اپنے بیان میں کہا کہ اس حوالے سے کوئی بھی قیاس آرائی بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ ہے اور اس سے گریز کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2001 سے پاکستان اور امریکہ کے درمیان ایئر لائنز آف کمیونیکیشن کے لیے تعاون کا فریم ورک موجود ہے۔
امریکہ نے 11 ستمبر تک افغانستان سے اپنے فوجی انخلا کا اعلان کر رکھا ہے جس کے بعد یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ پاکستان امریکہ کو اپنے فوجی اڈے استعمال کرنے کی اجازت دے گا۔
 فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پینٹاگون کے عہدیدار ڈیوڈ ایف ہیلوے نے کہا ہے کہ پاکستان نے افغانستان میں موجود اپنی افواج کی سپورٹ کے لیے اپنی فضائی اور زمینی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے 11 مئی کو اسلام آباد میں اپنی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے بعد پاکستان امریکہ کو فوجی اڈے دینے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔

شیئر: