Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ساڑھے تین لاکھ سے زائد افراد کی ویکسینیشن کا ’نیا ریکارڈ‘

پاکستان میں ویکسینیشن کے لیے شہریوں کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ سنیچر کو ایک دن میں ویکسینیشن کا نیا ریکارڈ قائم ہوا، تین لاکھ سے زائد افراد کی ویکسینیشن کی گئی۔
اتوار کو اپنی ایک ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’الحمدللہ کل ایک دن میں ویکسینیشن کا نیا ریکارڈ قائم کیا گیا، کل 3 لاکھ 83 ہزار سے زائد افراد کی ویکسینیشن کی گئی۔ اب تک 70 لاکھ افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’رجسٹر کرانے والوں کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور ایک کروڑ 16 لاکھ 63 ہزار افراد رجسٹر ہو چکے ہیں۔‘
دوسری جانب پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کی صورتحال کی نگرانی اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اقدامات تجویز کرنے والے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)  نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح پانچ فیصد سے کم ہو گئی ہے۔
اتوار کی صبح جاری کیے گئے اعداد وشمار میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں 55 ہزار 965 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے دو ہزار 697 کی رپورٹ مثبت آئی۔ اس طرح یہ شرح چار اعشاریہ آٹھ بنتی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید 56 اموات ہوئی ہیں۔
گزشتہ سات دن میں پاکستان میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 485 رہی۔
پاکستان میں کورونا کی وبا آنے سے اب تک اس وائرس کا شکار ہو کر 20 ہزار 736 افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔
ملک میں کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد اس وقت 58 ہزار 878 ہے۔
پاکستان میں عیدالفطر کے دوران وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سخت بندشیں عائد کی گئیں جبکہ صوبہ سندھ میں اس دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح میں اضافہ ہوا تھا۔

عیدالفطر کے بعد پاکستان کے صوبہ سندھ میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح بڑھی۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

ویکسینیشن کا عمل جاری

پاکستان میں کورونا کے پھیلاؤ کے بعد شہریوں کو اس وبا سے بچانے کے لیے ویکسینیشن کا عمل بھی مرحلہ وار جاری ہے اور اٹھارہ سال سے زائد عمر کے افراد کو رجسٹریشن کے بعد ویکسین لگائی جا رہی ہے۔
پاکستان میں چین کی سائنو فارم، سائنوویک اور کین سائنو جبکہ برطانیہ کی آکسفورڈ آسٹرا زینیکا اور روس کی سپوتنک فائیو ویکسین شہریوں کو لگائی جا رہی ہے۔
امریکہ کی فائزر ویکسین کی ایک کھیپ بھی پاکستان پہنچ چکی ہے۔ 

شیئر: