Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں یوگا گرو رام دیو کے متنازع بیان کے خلاف ڈاکٹرز کا ’بلیک ڈے‘

انڈیا میں ڈاکٹرز کالے بیجز لگا کر یوگا گرو رام دیو کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں (فوٹو: روئٹرز)
انڈیا بھر میں ڈاکٹرز یوگا گرو رام دیو کے جدید طبی علاج کو ’احمقانہ‘ قرار دینے کے بیان کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے آج منگل کو ’بلیک ڈے‘ منا رہے ہیں۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کی ویب سائٹ کے مطابق بہت سی میڈیکل تنظیموں نے رام دیو کے ’بے حس اور توہین آمیز‘ بیان پر ان سے ’عوام کے سامنے غیر مشروط معذرت‘ کا مطالبہ کیا ہے۔
رام دیو نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ’کورونا وائرس کی وبا کے دوران لوگ اس بیماری سے زیادہ جدید طبی ادویات کے استعمال اور علاج کی وجہ سے مر رہے ہیں۔‘
احتجاج کی دعوت دینے والی تنظیم فیڈریشن آف ریزیڈنٹ ڈاکٹرز ایسو سی ایشن کا کہنا ہے کہ رام دیو کے بیان پر اعتراضات اٹھانے کے باوجود ’ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔‘
تنظیم کے صدر ڈاکٹر منیش نے کہا ہے کہ احتجاج آیوروید (روایتی طبی علاج) کے خلاف نہیں بلکہ رام دیو کے خلاف ہے۔ انہوں نے این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ ’ہم رام دیو کے ساتھ کسی قسم کی بحث نہیں چاہتے۔ وہ کون ہیں؟ وہ ایک عام آدمی ہیں۔ رام دیو نے اس وبا میں صرف اپنا کاروبار چمکایا ہے۔‘
ڈاکٹر منیش نے مزید کہا کہ ’ڈاکٹرز نے وبا کے دنوں میں دن رات کام کیا ہے۔ انہوں نے اپنی زندگیاں کھوئی ہیں۔ ہم 10 ہزار ڈاکٹروں کے حصہ لینے کی امید کر رہے ہیں۔ ہم کسی بھی حد تک جائیں گے اور ہم عدالت بھی جا سکتے ہیں۔‘

رام دیو نے کہا تھا کہ ’وبا کے دوران لوگ اس بیماری سے زیادہ جدید طبی ادویات کے استعمال اور علاج کی وجہ سے مر رہے ہیں‘ (فوٹو: اے ایف پی)

انڈیا میں ڈاکٹروں کی اعلیٰ تنظیم انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن نے بھی اس احتجاج کی حمایت کی ہے جس میں ڈاکٹرز کالے بیجز لگا کر ہسپتال میں موجود ہیں۔
گذشتہ ہفتے ایک وڈیو میں رام دیو کو ایک تقریب میں یہ کہتے سنا گیا تھا کہ ’لاکھوں لوگ ایلوپیتھک ادویات کی وجہ سے جان گنوا بیٹھے ہیں، یہ تعداد ان افراد کی تعداد سے کہیں زیادہ ہے جو علاج یا آکسیجن نہ ملنے کی وجہ سے ہلاک ہوئے۔‘
انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن نے 55 سالہ یوگا گرو کو نوٹس بھی بھیجا تھا جس میں ان سے 15 دن کے اندر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا تھا اور یہ کہا گیا تھا کہ اگر وہ ایسا کرنے میں ناکام رہے تو ان کے خلاف ایک ہزار کروڑ کا ہتک عزت کا نوٹس بھی بھجوایا جائے گا۔

ڈاکٹر منیش کا کہنا ہے کہ رام دیو ایک عام آدمی ہیں، انہوں نے اس وبا میں صرف اپنا کاروبار چمکایا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

ڈاکٹرز کی جانب سے غم و غصے کے اظہار کی وجہ سے انڈیا کے وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن نے بھی یوگی رام دیو کو اپنا بیان واپس لینے کے لیے کہا تھا۔
بابا رام دیو کو لکھے ایک خط میں وزیر صحت نے کہا ہے کہ 'آپ نے نہ صرف کورونا کے خلاف لڑنے والوں کی تذلیل کی ہے بلکہ ملک کے لوگوں کو دکھ بھی دیا ہے۔ اس بارے میں گہرائی سے سوچیں اور اپنا بیان مکمل طور پر واپس لیں۔‘
رام دیو اپنی ایک اور ویڈیو میں یہ کہتے نظر آئے کہ ’کسی کا باپ بھی سوامی رام دیو کو گرفتار نہیں کر سکتا۔‘

شیئر: