سعودی عرب اور ہسپانوی وزارت داخلہ کے درمیان تعاون کے معاہدے پر دستخط
وزرائے داخلہ نے ملاقات میں سکیورٹی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے بدھ کو ریاض میں وزارت داخلہ کے ہیڈ کوارٹر میں ہسپانوی ہم منصب فرنینڈو گرانڈے کا خیرمقدم کیا۔
ایس پی اے کے مطابق دونوں وزرائے داخلہ نے ملاقات میں سکیورٹی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔
جرائم سے نمنٹے، مجرموں کا سراغ لگانے، بین الاقوامی منشیات کی سمگلنگ اور منی لانڈرنگ کے نیٹ ورکس سے نمنٹے سے متعلق تعاون بڑھانے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔
دونوں ملکوں کی وزارت داخلہ کے درمیان تجربات اور مہارت کے تبادلے پر بھی بات چیت کی گئی۔
بعد ازاں شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف اور ہسپانوی وزیر داخلہ نے دونوں ملکوں کی وزارت داخلہ کے درمیان تعاون کے جوائنٹ پلان پر دستخط کیے۔
اس موقع پر نائب وزیر داخلہ شہزادہ ڈاکٹر عبدالعزیز بن محمد بن عیاف، معاون وزیر داخلہ ڈاکٹر ھشام بن عبدالرحمن الفالح، محکمہ امن عامہ کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ جنرل محمد بن عبداللہ البسامی اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔
