Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پاک ویک ویکسین کی ایک لاکھ 18ہزار خوراکیں پاکستان میں تیار‘

سربراہ این آئی ایچ  نے کہا ہے کہ ان کے ادارے میں ویکسین کی ایک لاکھ 18 ہزار خوراکیں تیار کی گئی ہیں۔
وزارت صحت کی جانب سے منگل کو جاری بیان کے مطابق میجر جنرل عامر اکرام کا کہنا تھا کہ کین سائنو بائیو کے ٹرائل میں پاکستان نے حصہ لیا۔ چین کے ساتھ ٹیکنالوجی کے ٹرانسفر کا معاہدہ کیا تھا۔
سربراہ این آئی ایچ  کے مطابق ’این آئی ایچ میں ایک لاکھ 18 ہزار ویکیسن تیار کی گئی۔ آج رات کین سائنو کے 90 ہزار ویکیسن کی خوراکوں کا  خام مال  پہنچ جائے گا۔ آئندہ ماہ 30 لاکھ کین سائنو ویکیسن کا خام مال پہنچے گا۔‘
دوسری طرف  وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ پاکستان میں تیار کردہ کورونا ویکسین ’پاک ویک‘ لانچ کر دی گئی ہے۔
منگل کو اسلام آباد میں ویکسین کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’کورونا پاکستان سمیت پوری دنیا کے لیے چیلنج تھا لیکن ہمارے حالات بہتر رہے۔ ہر مشکل میں ایک موقع بھی ہوتا ہے اور یہی ہوا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ کورونا کی پہلی لہر میں کچھ لوگوں نے بیڈز نہ ہونے کی شکایت کی، لیکن تیسری میں پہلی لہر کے مقابلے 60 گنا زیادہ مریض تھے مگر صورتحال کنٹرول میں رہی۔
اسد عمر نے کہا کہ ’پورے پاکستان میں ہسپتالوں کے نظام کو بہتر کرنے کے لیے وفاق اور حکومت ایک سو ارب سے زیادہ رقم خرچ کر رہی ہے۔‘
اس سے قبل سوموار کو وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے پاکستان میں کورونا ویکسین کی تیاری اور پیکنگ کی شروعات کا اعلان کرتے ہوئے نیشنل انسٹیٹوٹ آف ہیلتھ کی ٹیم کو مبارکباد  دی تھی۔
انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا کہ این آئی ایچ پاکستان کی ٹیم کین سائنو بائیو چائنہ کی مدد سے پاکستان میں  کین سائنو ویکسین کی کامیاب فارمولیشن اور پیکنگ پر مبارک باد کے مستحق ہے۔ 

فیصل سلطان کے مطابق یاکستان میں کین سائنو ویکیسن کی تیاری کورونا ویکسین کی  فراہمی میں ایک اہم قدم ہے (فوٹو اے ایف پی)

انہوں نے کہا کہ ویکیسن کو تیاری سے پہلے معیار یقینی بنانے کے لیے سخت ٹیسٹنگ سے گزار گیا ہے۔
فیصل سلطان کے مطابق یاکستان میں کین سائنو ویکیسن کی تیاری کورونا ویکسین کی  فراہمی میں ایک اہم قدم ہے۔
پاکستان میں تیار کردہ ویکیسن کا نام پاک ویک رکھا گیا ہے۔ خیال رہے کین سائنو ویکسین کی فارمولیشن اور پیکنگ کا خام مال چین سے خریدا گیا ہے۔

شیئر: