Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حکومت کا اساتذہ کو جلد کورونا ویکسین لگانے کا فیصلہ

اساتذہ کو ویکسین لگانے کا عمل 5 جون تک مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فوٹو اے ایف پی
وفاقی حکومت نے اساتذہ کو جلد ازجلد کورونا ویکسین لگوانے کا فیصلہ کیا ہے۔
جمعرات کو جاری اعلامیے کے مطابق کورونا وائرس کے باعث تعلیمی شعبے کو پہنچنے والے نقصان کو کم کرنے کے لیے اساتذہ اور امتحانی عملے کو جلد ویکسین لگائی جائے گی۔ 
ترجمان وزارت تعلیم کے مطابق اساتذہ کو ویکسین لگانے کا عمل 5 جون تک مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
امتحانات شروع ہونے سے قبل امتحانی عملہ اور کھیلوں سے متعلق سٹاف کو ویکسین لگائی جائے گی۔ 
وزارت تعلیم نے اس حوالے سے این سی او سی کو صوبوں کی مدد کرنے کی درخواست کی ہے۔
ترجمان کے مطابق اساتذہ کی ویکسینیشن کے لیے صوبائی چیف سیکرٹریز کو مراسلے بھیج دیے گئے ہیں۔
اس سے قبل ملک میں مختلف مراحل میں ویکسین لگانے کا عمل شروع کیا گیا۔ پہلے مرحلے میں ڈاکٹرز اور طبی عملے کو ویکسین لگانے کا آغاز 2 فروری کو ہوا جب کہ دوسرے مرحلے میں 60 سال سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں کو ویکسین لگائی گئی۔

30 سال سے زائد عمر کے شہریوں کی ویکسینیشن کے لیے رجسٹریشن شروع ہو گئی ہے۔ فوٹو اے ایف پی

تیسرے مرحلے میں 50 سال سے زیادہ عمر کے شہریوں جب کہ چوتھے مرحلے میں 40 سال سے زائد عمر کے شہریوں کو ویکیسن لگانے کا عمل شروع کیا گیا۔
جبکہ 16 مئی سے 30 سال سے زائد عمر کے شہریوں کی ویکسینیشن کے لیے رجسٹریشن کا آغاز ہو گیا ہے۔
این سی او سی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اعلان کیا تھا کہ 30 سال سے زائد عمر کے افراد 1166 پر اپنا شناختی کارڈ نمبر بھیج کر خود کو رجسٹر کروا سکتے ہیں۔

شیئر: