Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خرابی کی نشاندہی، ٹیسلا کا 6 ہزار گاڑیاں واپس منگوانے کا فیصلہ

کمپنی نے کہا ہے کہ ضرورت کے مطابق کیلپر کے بولٹ کا جائزہ لے کر اسے درست یا تبدیل کرے گی (فوٹو: روئٹرز)
بریک پر نصب کیلپر میں ٹائروں کے پریشر کو خراب کرنے والی ایک خرابی کی وجہ سے ٹیسلا کمپنی تقریباً چھ ہزار گاڑیوں کو واپس منگوا رہی ہے، اس بات کا انکشاف بدھ کو پبلک کی گئی ایک دستاویز میں ہوا ہے۔ 
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکی کمپنی ٹیسلا کی جانب سے واپس منگوانے والی گاڑیوں میں کچھ 2020-2019 تھری اور 2021-2020 کی وائی ماڈل کی گاڑیاں شامل ہیں۔
نیشنل ہائی وے ٹریفک سیفٹی ایڈمنسٹریشن کو جمع کرائی گئی دستاویز میں ٹیسلا کا کہنا ہے کہ اس مسئلے کی وجہ سے کسی حادثے یا جسمانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے، کمپنی ضرورت کے مطابق کیلپر کے بولٹ کا جائزہ لے کر اسے درست یا تبدیل کرے گی۔
ٹیسلا کے مطابق کیلپر کے ڈھیلے بولٹ کی وجہ سے بریک کیلپر الگ ہو کر رم کے ساتھ جڑ سکتا ہے جو کسی درجے میں ٹائر کے دباؤ میں کمی کا باعث ہو سکتا ہے۔
کمپنی کے مطابق ’بہت کم امکان کے ساتھ‘ ایسے کسی واقعے میں ڈھیلے ہو جانے یا غائب ہو جانے والے فاسٹنر کی وجہ سے گاڑی کو نقصان ہو سکتا ہے، ایسا ہونے پر وہ گاڑی کو مرمت کے لیے قریبی سروس سینٹر تک پہنچانے کا انتظام کریں گے۔‘
ٹیسلا کے مطابق دسمبر میں 2021 کی وائی ماڈل کی کار کے ساتھ پیش آنے والے ایک واقعے سے ادارے کو آگاہ کیا گیا تھا جس میں ڈرائیور کی سائیڈ پرعقبی بریک کے کیلپر میں مسئلہ پایا گیا تھا۔
اس واقعے کے بعد کمپنی نے گاڑیوں کے بنانے میں بولٹ کے مسئلے سے متعلق اقدامات اٹھائے تھے۔

شیئر: