Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کویتی رابطہ کونسل کا اجلاس، کئی معاہدوں پر دستخط

تجارت کے فروغ کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور ہوں گی۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی کویتی رابطہ کونسل نے اتوار کو متعدد معاہدے  کیے ہیں ۔ کونسل کے اجلاس میں سعودی وفد کی سربراہی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور کویتی وفد کی قیادت وزیر مملکت برائے امور کابینہ شیخ ڈاکٹر احمد الصباح نے کی ہے۔  
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شہزادہ فیصل بن فرحان نے کویتی وزیر خارجہ اور ان کے ہمراہ آئے ہوئے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ’سعودی قیادت اس بات میں دلچسپی رکھتی ہے کہ دونوں ملکوں کے تعلقات نئے افق کی بلندیوں پر جائیں‘۔

شہزادہ فیصل بن فرحان نے کویتی وزیر خارجہ اور ان کے وفد کا خیرمقدم کیا( فوٹو ایس پی اے)

’دونوں ملکوں کے گہرے تعلقات بانی مملکت شاہ عبدالعزیز اور کویت کے رہنما شیخ مبارک الصباح کے عہد میں شروع ہوئے تھے۔ شاہ سلمان اور امیر کویت شیخ نواف الصباح کے عہد میں یہ تعلقات منفرد بن گئے ہیں‘۔  
سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ ’کورونا وبا کا منفی اثر دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی حجم پر پڑا ہے۔ امید ہے مستقبل قریب میں تجارتی تعلقات بہتر ہوں گے۔ دونوں ملکوں کے سرمایہ کار ایک دوسرے کے یہاں آئیں گے۔ تجارتی لین دین کے فروغ کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور ہوں گی‘۔  
سعودی اور کویتی وزرائے خارجہ نے نوجوانوں کے امور سے متعلق تعاون کے معاہدے، کھیلوں کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت، براہ راست سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے سلسلے میں مفاہمتی یادداشت، سٹینڈرڈ  کے شعبوں میں تکنیکی تعاون کے پروگرام پر دستخط کیے۔

کویتی اور سعودی وزرائے خارجہ نے ریاض میں مذاکرات کیے(فوٹو ایس پی اے)

علاوہ ازیں سعودی وزیر تعلیم ڈاکٹر حمد آل الشیخ اور کویتی وزیر خارجہ نے تعلیم و تربیت کے شعبے میں مفاہمت کی یادداشت اور اعلی تعلیم و سائنس ریسرچ کے شعبے میں تعاون کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ 
اس سے قبل کویتی سعودی وزرائے خارجہ نے ریاض میں دونوں ملکوں کے وفود کی معاونت سے مذاکرات کیے تھے جس میں فریقین نے مشترکہ جدوجہد کے استحکام کی اہمیت پر زور دیا۔
اس موقع پر کویت میں متعین سعودی سفیر شہزادہ سلطان بن سعد اور سیکریٹری خارجہ برائے سیاسی و اقتصادی امور عید الثقفی بھی موجود تھے۔ 

شیئر: