Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنوبی افریقہ میں خاتون کے ہاں 10 بچوں کی پیدائش

خاتون سیتھول کے شوہر نے بتایا کہ وہ 10 بچوں کی پیدائش پر نہایت خوش ہیں (فوٹو: گیٹی امیجز)
جنوبی افریقہ میں ایک خاتون نے ایک ساتھ 10 بچوں کو جنم دے کر گنیز ورلڈ ریکارڈ میں نام درج کرایا ہے۔
37 سالہ گوسیمے تھامارا سیتھول کے شوہر ٹیبوہو سوٹٹسی نے پریٹوریا شہر میں میڈٰیا کو بتایا کہ ’ان کے ہاں 10 بچوں کی پیدائش ہوئی ہے جبکہ گذشتہ رات مقامی ہسپتال کے ڈاکٹروں نے اہلیہ کا میڈیکل سکین کرنے کے بعد بتایا تھا کہ آٹھ بچوں کی پیدائش ہوگی۔‘
ان کے مطابق اہلیہ نے سی سیکشن آپریشن کے ذریعے سات لڑکوں اور تین لڑکیوں کو جنم دیا ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ ماہ مراکش میں ایک خاتون کے ہاں نو بچوں کی پیدائش کے بعد ان کا نام گنیز بک ورلڈ ریکارڈ میں نام درج کیا گیا تھا۔
گوسیمے تھامارا سیتھول کے پہلے دو بچے ہیں جو چھ برس قبل جڑواں پیدا ہوئے تھے۔
انہوں نے کچھ عرصہ قبل پریٹوریا نیوز کو بتایا تھا کہ ’ان کا حمل قدرتی ہے اور اس کے لیے انہوں نے کوئی علاج نہیں کرایا۔‘
سیتھول کے شوہر ٹیبوہو سوٹٹسی نے منگل کی رات پریٹوریا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی اہلیہ نے حمل کے 29 ویں ہفتے میں بچوں کو جنم دیا۔
انہوں نے کہا کہ 'سات لڑکے اورتین لڑکیاں ہیں۔ اہلیہ سات ماہ اور سات دن کے حمل سے تھیں۔ مجھے بہت خوشی ہے، اس وقت جذباتی ہو رہا ہوں، زیادہ بات نہیں کر سکوں گا۔'
گذشتہ ماہ ایک انٹرویو میں سیتھول نے کہا تھا کہ ’وہ اس وقت حیرت زدہ رہ گئیں جب ڈاکٹروں نے میڈیکل سکین کے بعد بتایا کہ ان کے چھ بچے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ابتدائی طور پر یہ بہت مشکل تھا اور وہ بیمار پڑ گئیں۔ ہمیشہ یہی دعا کی کہ بچے صحت مند ہوں اور زچگی کا مرحلہ آسانی سے گزر جائے۔‘

شیئر: