Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاہور میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر اب ڈرائیونگ لائسنس معطل ہوں گے

پہلے روز کی کارروائی میں چار لائسنس معطل کیے گئے ہیں (فوٹو: لاہور ٹریفک پولیس)
ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنا اب تک جرمانوں کی وجہ بنتا تھا لیکن پاکستان کے دوسرے بڑے شہر لاہور میں اب ضابطوں کی خلاف ورزی پر ڈرائیونگ لائسنس بھی معطل کیا جا رہا ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر لاہور منتظر مہدی کے مطابق ’اب ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی پر چالان کے ساتھ ساتھ لائسنس بھی معطل کیا جارہا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی پر کوئی بھی وائیلیٹر رعائت کا مستحق نہیں ہو گا۔ ون وے جگہوں کی نشاندہی کرتے ہوئے وارڈنز کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔‘
لاہور میں ون وے ٹریفک قانون کی خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف کارروائی شروع ہوئی تو پہلے ہی روز ایک ہزار 435 گاڑیوں، موٹرسائیکلوں کے چالان کیے گئے ہیں۔
ٹریفک پولیس لاہور کے جاری کردہ ڈیٹا کے مطابق ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ٹریفک جام کا باعث بننے والی 48 گاڑیاں تھانوں میں بند اور چار ڈرائیورز کے ڈرائیونگ لائسنس بھی معطل کر دیے گئے ہیں۔

سی ٹی او لاہور منتظر مہری کا کہنا تھا کہ حادثات اور ٹریفک جام کی بڑی وجہ ون وے کی خلاف ورزی ہے۔ ایسا کرنا خودکشی کے مترادف ہے، چند لمحوں کی جلدی کی خاطر شہری اپنی اور دوسروں کی جان داؤ پر لگا دیتے ہیں۔

شیئر: