Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویب سیریز ’دھوپ کی دیوار‘ جو ’نفرت اور انتقام کی دیوار گرا دے گی‘

دھوپ کی دیوار کی کہانی معروف ناول نگار عمیرہ احمد نے لکھی ہے جبکہ اس کے ہدایتکار حسیب حسن ہیں (فوٹو:سکرین شاٹ)
یوں تو تقسیم ہند کے پس منظر میں محبت، رشتوں، دوستی، دشمنی اور قربانیوں پر پاکستان میں کئی ڈرامے بن چکے ہیں لیکن چونکہ آج بھی لوگ اپنے آباؤ اجداد کی ہجرت کی داستان سننے میں دلچسپی رکھتے ہیں اس لیے اس موضوع پر اب بھی ڈرامے بنائے جاتے ہیں۔
پاکستان اور انڈیا کے حالیہ تعلقات کے تناظر میں پہلی بار ایک ویب سیریز انڈین ویڈیو پلیٹ فارم زی فائیو پر 25 جون کو ریلیز ہو رہی ہے جس کی کہانی فوجی پس منظر سے تعلق رکھنے والے دو خاندانوں کے گرد گھومتی ہے۔
15 جون کو جیسے ہی اس سیریز کا ٹریلر جاری ہوا وہیں اس کے کلپس دھڑا دھڑ سوشل میڈیا ٹائم لائنز پر شیئر ہونے لگے۔
اس ٹریلر سے معلوم ہوتا ہے کہ احد رضا میر انڈین فوجی کے بیٹے ویشال کا کردار نبھا رہے ہیں اور سجل علی پاکستانی فوجی کی بیٹی سارہ کا رول ادا کر رہی ہیں۔
ٹریلر میں پہلے تو پاکستان اور انڈیا کے درمیان سنسنی خیز میچ کا ایک منظر دکھایا جاتا ہے جس میں جیت انڈیا کی ہوتی ہے، اس کے بعد ویشال اور سارہ جموں کشمیر بارڈر پر ہونے والے ایک حملے میں اپنے والد کو کھو دیتے ہیں۔
پہلے تو دونوں ایک دوسرے سے نفرت کا اظہار کرتے نظر آتے ہیں، مگر پھر بعد میں جب انہیں یہ احساس ہوتا ہے کہ ان دونوں کا غم مشترک ہے تو وہ ایک دوسرے کے قریب آ جاتے ہیں اور اس طرح یہ دشمنی دوستی میں بدل جاتی ہے جس پر دونوں ہی خاندانوں کو شدید اعتراض بھی ہوتا ہے۔
یہ کہانی آگے جا کر کیا موڑ لے گی یہ تو سیریز کے ریلیز ہونے کے بعد ہی معلوم ہو سکے گا، لیکن سوشل میڈیا صارفین اس سیریز کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بہتری کے ایک مثبت پیغام کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔
’دھوپ کی دیوار‘ کی کہانی معروف ناول نگار عمیرہ احمد نے لکھی ہے، جبکہ اس کے ہدایتکار حسیب حسن ہیں۔
بہت سے لوگوں کا یہ بھی خیال ہے کہ یہ ویب سیریز پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے اشتراک یا تعاون سے بنائی گئی ہے۔ تاہم اس سیریز کی پروڈکشن میں کہیں بھی آئی ایس پی آر کا حوالہ نہیں دیا گیا۔
اس ڈرامے کی لکھاری عمیرہ احمد نے اپنے آفیشل اکاؤنٹ پر اپنی ایک پوسٹ میں بتایا کہ انہوں نے جنوری 2019 میں اس ڈرامے کی کہانی آئی ایس پی آر کو جائزے کے لیے بھیجی تھی جس کے بعد آئی ایس پی آر نے اس موضوع کو ’اوکے‘ کیا۔
اداکار احد رضا میر اور سجل علی نے اس سے پہلے تقسیم ہند کی کہانی پر مبنی ڈرامہ سیریل ’آنگن‘ میں اداکاری کی تھی اور ان کی جوڑی کو کافی پسند کیا گیا تھا۔
احد رضا میر اور سجل علی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اس سیریز کا ٹریلر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’جنگ کوئی بھی جیتے، لیکن دونوں قوموں کو ہی نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔‘
سوشل میڈیا پر ردعمل:
کئی صارفین اپنی پسندیدہ آئیڈیل جوڑی احد رضا میر اور سجل علی کو ایک ساتھ سکرین پر دیکھنے کے لیے پرجوش دکھائی دے رہے ہیں تو کئی صارفین کا خیال ہے کہ اس ویب سیریز سے دونوں ممالک کے تعلقات کی برف پگھلے گی۔

شٹ اپ لوزر کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ ’مجھے ’دھوپ کی دیوار‘ کا ٹریلر بہت پسند آیا۔ اس فلم کے ذریعے ہمارے لوگ بہت مثبت پیغام دے رہے ہیں۔‘

ندھی نامی صارف نے لکھا کہ ’جب ہم اپنے اختلافات ایک طرف رکھ کر بطور انسان ایک دوسرے کے قریب آتے ہیں تو پھر کچھ بھی ہو جیت ہماری ہوتی ہے۔ محبت کی جیت ہوتی ہے۔ محبت ہمیشہ جیت جاتی ہے۔‘

شمع جونیجو نے اس ویب سیریز کے ڈائریکٹر حسیب حسن کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ ’شاندار کام، ٹریلر بہت اچھا ہے۔ آپ اور آپ کی ٹیم کے لیے کامیابی کی دعائیں۔‘

جارن تسنیم رفا کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ ’انہوں نے نفرت اور انتقام کی دیوار گرا دی اور ان ٹکڑوں سے محبت کا نیا بندھن بنا۔‘

شازیہ خان نامی صارف نے لکھا کہ ’محبت تو دونوں ملکوں کے عوام ایک دوسرے سے کرتے ہیں، نفرت تو بس سیاستدان اور خبروں تک ہے۔‘

ایک اور صارف فاریا احدین نے لکھا کہ ’احد سر جذباتی ہو گئی ہوں، یہ بہت شاندار ہے۔‘
جہاں بہت سے صارفین اس ویب سیریز کے آن ایئر ہونے کا بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں وہیں کچھ ایسے بھی ہیں جنہیں اس سیریز کا ٹریلر کچھ زیادہ متاثر نہیں کر سکا۔

افضال گجر نامی صارف نے لکھا کہ ’ڈرامے دیکھنے کا شوق نہیں پھر پاک فوج کی محبت میں عہد وفا پورا دیکھا لیکن اس دھوپ کی دیوار کی کچھ جھلکیاں دیکھ کر مایوس ہوا ہوں بلکہ شدید غصہ آیا ہے۔‘

ایک اور صارف اقصیٰ نے لکھا کہ ’امن کی آشا اور دھوپ کی دیوار میں کشمیری کہاں ہیں؟‘

شیئر: