Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عالمی نظام میں خلل: مختلف ممالک کے بینک، ایئرلائنز کی آن لائن سروس متاثر

نیوزی لینڈ کے بینکوں اور ہانگ کانگ سٹاک ایکسچینج نے بھی اپنی ویب پلیٹ فارم پر مسئلے کی شکایت کی ہے۔ فائل فوٹو: ان سپلیش
بڑے بینکوں اور ائیرلائنز کو جمعرات کو ایک تازہ آن لائن بندش نے آ گھیرا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایک گھنٹے تک جاری رہنے والے آئن لائن 'بلیک آؤٹ' سے امریکہ کی کچھ ایئرلائنز، آسٹریلیا کے مالی ادارے اور دنیا بھر کی دیگر کمپنیاں متاثر ہوئیں۔
صارفین نے ویب سائٹس اور موبائل ایپلی کیشنز تک رسائی نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔
اطلاعات کے مطابق مسئلہ امریکی ٹیکنالوجی کی کمپنی اکامائی کی جانب سے ہوا ہے۔
اکامائی کے ایک ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا کہ، 'ہمیں مسئلے کی خبر ہے اور ہم سروس جلد سے جلد بحال کرنے پر کام کررہے ہیں۔'
متاثر ہونے والے امریکی ایئرلائنز میں امریکن، ڈیلٹا، یونائٹڈ اور ساوتھ ویسٹ ایئرلائنز شامل تھیں، جبکہ آسٹیریلیا میں یہ مسئلہ زیادہ دیر تک جاری رہا۔
آسٹریلیا کے سب سے بڑے مالیاتی ادارے کامن ویلتھ بینک نے اے ایف پی کو بتایا کہ آن لائن بندش سے وہ اور ملک کے دیگر مالی ادارے متاثر ہوئے ہیں۔
آسٹریلیا کے متاثر ہونے والے اداروں میں ملک کی پوسٹل سروس اور ورجن آسٹریلیا ایئرلائنز بھی شامل تھے۔
نیوزی لینڈ کے بینکوں اور ہانگ کانگ سٹاک ایکسچینج نے بھی اپنی ویب پلیٹ فارم پر مسئلے کی شکایت کی ہے۔
اس واقعے سے ان چند کمپنیوں کی اہمیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے جو آن لائن نظام کو سنبھالتی ہیں۔

آسٹریلیا کے متاثر ہونے والے اداروں میں ورجن آسٹریلیا ایئرلائنز بھی شامل تھے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

گذشتہ ہفتے امریکی میڈیا اور وائٹ ہاوس، نیو یارک ٹائمز، ریڈٹ اور ایمیزون کی ویب سائٹس میں عارضی طور پر خلل آیا تھا جب کمپنیوٹنگ سروس فاسٹلی کی جانب سے مسئلہ درپیش ہوا۔
فاسٹلی دنیا بھر کی ویب سائٹس میں تیزی لانے کے لیے مدد فراہم کرتی ہے۔
اسی طرح اکامائی بھی ویب سائٹس کو تیزی سے چلنے اور محفوظ رکھنے کے لیے سہولیات فراہم کرتی ہے۔
تاہم اکامائی نے اس پر بات کرنے سے انکار کردیا کہ اصل مسئلہ کس وجہ سے پیش آیا۔
اکامائی کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ 'ہماری ترجیح ہے کہ سروس کو جلد سے جلد بحال کردیں۔ ہم مزید معلومات ملنے پر انہیں شیئر کریں گے۔'

شیئر: