Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویزہ بحالی: اب تک 938 پاکستانی ہیلتھ پروفیشنل کویت جا چکے ہیں

کویت جانے والا پانچواں گروپ 192 ہیلتھ پروفیشنلز پر مشتمل ہے۔ فوٹو: ٹوئٹر وزارت اوورسیز پاکستانی
کویت کی جانب سے پاکستانیوں کے لیے ویزا کی سہولت بحال کرنے کے بعد طبی شعبے سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں کا پانچواں گروپ کویت پہنچ گیا ہے۔ گزشتہ سال اکتوبر کے مہینے سے اب تک 938 پاکستانی ہیلتھ کیئر ورکرز کویت جا چکے ہیں۔
کویت میں پاکستانی سفارتخانے نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جمعرات کو ٹویٹ کیا کہ 192 پاکستانی طبی عملے کے افراد  پر مشتمل پانچواں گروپ کویت پہنچ گیا ہے۔
پاکستانی سفارتخانے میں تعینات کمیونٹی ویلفیئر اتاشی فرخ عامر سیال نے ایئر پورٹ پر پاکستانیوں کا استقبال کیا۔
علاوہ ازیں وزارت برائے سمندر پار پاکستانی کی جانب سے کی گئی ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ 192 پاکستانیوں کی پانچویں پرواز کے بعد کویت جانے والے طبی عملے کی مجموعی تعداد 938 ہو گئی ہے۔
ٹویٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ پاکستان اور کویت کے درمیان ہونے والے کامیاب مذاکرات کا نتیجہ ہے، کورونا کے باوجود پاکستانی طبی عملے کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔
وزارت برائے سمندر پار پاکستانی نے ایک اور ٹویٹ میں کویت جانے والے پاکستانی طبی عملے کی تفصیلات فراہم کی ہیں۔
ٹویٹ میں گزشتہ چار گروپوں کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق اب تک 80 ڈاکٹر، 568 نرسیں اور 98 میڈیکل ٹیکنیشن کویت جا چکے ہیں۔
یاد رہے کہ سکیورٹی کی مشکل صورتحال کی بنیاد پر 2011 میں  کویت نے پاکستان، ایران، عراق، شام اور افغانستان کے شہریوں کے لیے ویزا سروس معطل کر دی تھی۔
پاکستان نے ویزا کی بحالی سے متعلق مذاکرات کویت کے ساتھ 2020 میں شروع کیے تھے، جس کے بعد اسی سال اکتوبر میں 208 نرسوں، ڈاکٹروں اور میڈیکل ٹیکنیشن پر مشتمل پہلا گروپ کویت گیا تھا۔

اس کے بعد سے طبی عملے کے مزید تین گروپ کویت جا چکے ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کویت کے وزیراعظم سے ملاقات کے بعد اعلان کیا تھا کہ پاکستانیوں کے لیے کویت کا فیملی اور کاروباری ویزا فوری بحال کر دیا جائے گا۔

شیئر: