Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سمارٹ کارڈ اور اجازت نامے کے بغیر حج کی اجازت نہیں ہوگی‘

رواں برس حج اندرون ملک 60 ہزار عازمین تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی حکام نے کہا ہے کہ ’سمارٹ کارڈ اور پرمٹ کے بغیر حج کی اجازت نہیں ہوگی۔‘
عرب نیوز کے مطابق کورونا وائرس سے بچاؤ اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے سعودی عرب کی حج اور عمرہ کی وزارت نے تصدیق کی ہے کہ ’کسی شخص کو بھی سمارٹ کارڈ اور سرکاری پرمٹ کے بغیر حج کی اجازت نہیں ہوگی۔‘
حج اور عمرہ کے نائب وزیر ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط نے کہا ہے کہ ’اجازت نامہ (پرمٹ) الیکٹرانک کارڈ اور حجاج کے آئی ڈی کارڈ کے ساتھ ہوگا اور وزارت کی ویب سائٹ کے علاوہ ایسا کوئی پلیٹ فارم نہیں جس کے ذریعے حج کے لیے درخواست دی جاسکے۔‘
’کوئی بھی کمپنی جو وزارت کے پلیٹ فارم سے باہر حج کے لیے خدمات کے پیکجز پیش کر رہی ہے، وہ نظام کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’رواں برس کا حج صرف ’ابشر‘ پلیٹ فارم کے ذریعے اجازت نامے استعمال کرے گا، اور جنہوں نے حج کے پیکجز وزارت کے پلیٹ فارم سے خریدے ہیں اس کو ابشر اور ان کی آئی ڈی کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔‘
حج اور عمرہ کے نائب وزیر کے مطابق ’بدھ کو پانچ بجے تک چار لاکھ 70 ہزار سے زائد حج کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’درخواست دینے والے ویکسینیشن کی شرائط پر پورا اترتے ہیں اور انہوں نے اس سے قبل حج کی ادائیگی نہیں کی۔‘
مکہ اور مدینہ میں مختص ہوٹلز کو ہدایت کی گئی ہے کہ ’وزارت سیاحت، وزارت حج اور عمرہ اور دیگر اداروں کے حفاظتی احتیاطی اقدامات کو یقینی بنائیں۔‘
احتیاطی اقدامات کے تحت عازمین حج کے لیے صحت سے متعلق ایک گائیڈ بھی ہوگی۔ اگر عازمین حج کو کورونا وائرس کی کی علامات سے متعلق شک ہو تو فوراً ڈاکٹر سے رابطہ کرنا چاہیے۔
حکام کے مطابق ’حج کے دوران، دونوں مقدس مساجد،  مکہ اور مدینہ کے مرکزی علاقوں میں سماجی فاصلے کو برقرار رکھا جائے گا۔ اسی طرح عازمین کے سامان کو بھی وقتاً فوقتاً ڈس انفیکٹ کیا جائے گا۔‘

شیئر: