Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یروشلم میں جھڑپ: اسرائیل نے 10 فلسطینی گرفتار کر لیے

تصادم اس وقت ہوا جب فلسطینیوں نے یہودی قوم پرستوں کے خلاف مظاہرہ کیا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی
اسرائیلی پولیس نے جمعے کو مسجد الاقصیٰ کے احاطے میں ہونے والی جھڑپوں کے دوران 10 فلسطینیوں کو گرفتار کیا ہے جبکہ اس دوران نو افراد زخمی ہوئے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پولیس اور طبی عملے کا کہنا تھا کہ جائے وقوعہ پر مظاہرین نے پتھراو کیا جبکہ پولیس نے ربڑ کی گولیاں چلائیں۔
اے ایف پی کے ایک صحافی کا کہنا تھا کہ تقریباً ایک ہزار افراد جمعے کی نماز کے بعد مسجد کے احاطے میں جمع ہوئے اور کچھ  فلسطینی جھنڈا بھی لہرا رہے تھے۔
صحافی کا کہنا تھا کہ کچھ مظاہرین نے مسجد پر دھاوا بولنے والی پولیس پر پتھراو کیا۔
پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ 'کچھ نوجوانوں نے نظام خراب کرتے ہوئے پولیس پر پتھر پھینکنا شروع کیے۔ دس مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔'
فلسطینی ہلال احمر کا کہنا تھا کہ جھڑپ کے دوران نو افراد زخمی ہوئے جن میں تین کو 'تشدد، ربڑ اور ساونڈ بم' کی وجہ سے ہونے والے زخموں کی وجہ سے ہسپتال داخل کیا گیا۔
یہ تصادم اس وقت ہوا جب فلسطینیوں نے یہودی قوم پرستوں کے خلاف مظاہرہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ یہودی قوم پرستوں نے منگل کو مشرقی یروشلم میں مارچ کیا تھا اور اس دوران  مخالفانہ نعرے لگائےتھے۔
مسجد الاقصیٰ اسلام کی تیسری مقدس جگہ ہے اور اس کا احترام یہودی بھی کرتے ہیں۔
مئی میں پولیس کے مسلمان عبادت گزاروں کے ساتھ تصادم میں سالوں بعد خون ریزی ہوئی تھی، جبکہ غزہ میں بھی اسرائیل اور فلسطینی عسکریت پسندوں کے درمیان تنازع ہوا تھا۔

دمشق گیٹ کے قریب قوم پرست یہودی مارچ کے لیے جمع ہوئے تھے۔ فائل فوٹو: اے اپ

تاہم 21 مئی کو اسرائیل اور غزہ کے حماس رہنماوں کے درمیان ایک کمزور جنگ بندی ہوئی جس کے بعد 11 دنوں کی لڑائی اختتام پر پہنچی تھی۔
مسجد الاقصیٰ مشرقی یروشلم میں ہے جس کا اسرائیل نے 1967 میں اپنے ساتھ الحاق کیا تھا اور یہ ایک ایسا اقدام تھا جسے بین الاقوامی کمیٹی میں سے بیشتر نے قبول نہیں کیا تھا۔
تاہم جمعے کو فلسطینیوں کے مظاہروں کا دوسرا دن تھا۔
ایک دن قبل پولیس نے کہا تھا کہ انہوں نے دمشق گیٹ پر مظاہرہ کرنے والوں میں سے آٹھ کو گرفتار کیا ہے۔ دمشق گیٹ یروشلم کے پرانے شہر کا ایک داخلی راستہ ہے جہاں قوم پرست یہودی مارچ کے لیے جمع ہوئے تھے۔
جمعے کو فلسطینیوں نے یہودی آبادکاریوں کو مزید بڑھانے کے خلاف مقبوضہ مغربی کنارے میں نابلوس کے قریب مظاہرہ کیا تھا۔
ہلال احمر کا کہنا تھا کہ سیکورٹی فورسز کی آنسو گیس اور ربڑ کی گولیوں سے 47 افراد زخمی ہوئے تھے

شیئر: