Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فادرز ڈے: ’امیر ہو یا غریب باپ ہمیشہ ہیرو ہوتا ہے‘

باپ کی محبت، شفقت اور قربانیوں کے اعتراف میں آج ’فادرز ڈے‘ منایا جا رہا ہے (فوٹو: پکسابے)
والدین کا اولاد کے ساتھ ایک اٹوٹ رشتہ ہوتا ہے جو زندگی کے ہر موڑ پر ایک سا رہتا ہے، چاہے وقت اور حالات بدلتے رہیں اس رشتے سے جڑی محبت، شفقت، احساس کے جذبات کبھی نہیں بدلتے۔
اگر ماں کا کوئی نعم البدل نہیں تو باپ بھی اولاد کے لیے قدرت کی عظیم نعمت ہے جو سارے زمانے کی سختیاں جھیل کر اسے پُرسکون زندگی فراہم کرتی ہے۔
باپ کی محبت، شفقت اور قربانیوں کے اعتراف میں آج ’فادرز ڈے‘ منایا جا رہا ہے اور سوشل میڈیا پر صارفین اپنے والد سے محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔
اہم شخصیات سمیت سوشل میڈیا صارفین اپنے والد کی تصاویر کے ساتھ ان کی ہمت، حوصلے اور جدوجہد کو یاد کرتے ہوئے ان کو خراج تحسین پیش کر رہے ہیں۔
صارفین کا کہنا ہے کہ یہ صرف اپنے والد کی قربانیوں اور جدوجہد کو یاد کرتے ہوئے ان سے محبت کے اظہار کا دن نہیں ہے بلکہ ہمیں کوشش کرنی چاہیے کہ اس دن کو ان کے لیے یاد گار بھی بنائیں۔
سابق انڈین کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہمارے پاس کچھ چیزیں ہیں جو ہمارے لیے ٹائم مشین کی طرح  کام کرتی ہیں۔ایک گانا، کوئی خوشبو، ایک آواز، یا ذائقہ۔ میرے لیے یہ میرے والد کے بچپن کی بات ہے جو مجھے ہمیشہ ماضی کی یادوں میں لے جاتی ہے۔  فادرز ڈے پر میں آپ سب کے ساتھ اس خاص جگہ کو شیئر کرنا چاہتا ہوں۔ بابا ، آپ کی یاد ہمیشہ آتی ہے۔‘

وزیر مملکت برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل نے لکھا کہ ’میرے بابا کی شخصیت میرا تعارف ہے۔ وہ لڑکیوں کی تعلیم پر یقین رکھتے تھے، لڑکیوں کی کم عمری میں شادی کے دباؤ کے خلاف تھے، انہوں نے مجھے انصاف اور سچائی کی تعلیم دی۔ میرے والد میرا غرور ہیں۔ بابا آپ بہت زیادہ جیئیں۔‘
برطانوی شاہی خاندان کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک تصویر پوسٹ کی گئی جس کے ساتھ کیپشن میں لکھا ہے کہ ’فادرز ڈے کے موقع پر ملکہ کی اپنے والد کنگ جارج اور شہزادہ فلپ کے ساتھ تصویر شیئر کر رہے ہیں جس میں وہ شہزادہ چارلس کو ایک مجسمے پر بیٹھے ہوئے دیکھ رہے ہیں۔
مشہور گلوکار و اداکار علی ظفر نے اپنے والد کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’کبھی بھی کسی کے کچھ کہنے سے اپنے کام سے توجہ نہ ہٹائیں، سب کچھ ختم ہو جائے گا صرف فن بچے گا۔ آپ صرف اپنا کام کرتے رہیے۔ میرے عظیم والد آرٹ اور ڈیزائن کے پروفیسر محمد ظفراللہ کا مجھے سکھایا ہوا ایک سبق۔ اپنے بیٹے ازان ظفر کو بھی میں نے یہی سکھایا ہے۔‘

فادرز ڈے کے حوالےسے ٹوئٹر صارفین جذباتی پیغامات شئیر کر رہے ہیں، ٹوئٹر ہینڈل انوشکا کتل نے لکھا کہ ’امیر یا غریب، کمزور یا صحتمند، کامیاب یا ناکام،  باپ ہمیشہ ہیرو ہی ہوتا ہے۔‘
جہاں صارفین فادرز ڈے کی مناسبت سے اپنے والد کو خراج تحسین پیش کر رہے تھے وہیں کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ اپنے والد کی قربانیوں اور کوششوں کی تعریف کرنے کے لیے کوئی ایک دن مخصوص نہیں ہونا چاہیے بلکہ ہر دن ہمیں اپنے والدین کا شکر گزرا ہونا چاہیے۔

ٹوئٹر صارف محمد حارث نے لکھا کہ ’ایک والد امید، یقین، اعتماد، اور یقین دہانی کے مترادف ہے جو ہمیں ہر ممکن طریقے سے متاثر کرتے ہیں، اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ اپنے والد کا روز شکریہ ادا کیا کریں جو وہ بغیر کسی لالچ کے آپ کے لیے کرتے ہیں۔ فادرذ ڈے مبارک ہو۔‘

شیئر: