Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایمریٹس اگلے ہفتے انڈیا سے دبئی کی پروازیں شروع کرے گی

امارات میں 33 لاکھ انڈین شہری رہائش پذیر ہیں (فوٹو اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات کی ایئر لائن ایمریٹس نے کہا ہے کہ وہ اگلے ہفتے سے انڈیا سے دبئی کے لیے پروازیں شروع کر دے گی۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امارات نے اپریل میں کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے ٹرانزٹ سمیت انڈیا سے تمام فلائٹس منسوخ کر دی تھیں۔
ایمریٹس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ہم جنوبی افریقہ، نائجیریا اور انڈیا سے 23 جون سے پروازوں کا سلسلہ بحال کر رہے ہیں۔‘
دبئی کی ریاست نے سنیچر کو کہا کہ انڈیا کے ایسے مسافر جن کے پاس رہائشی ویزہ ہے اور انہوں نے امارات کی طرف سے منظور کردہ ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا لی ہیں صرف انہی کو داخلے کی اجازت ہوگی۔
ان کے پاس روانگی سے 48 گھنٹے پہلے کروایا گیا منفی پی سی آر ٹیسٹ، روانگی سے چار گھنٹے پہلے کروایا گیا ٹیسٹ اور آمد پر ایک اور پی سی آر ہونا بھی ضروری ہے۔
دبئی کے حکام نے ٹرانزٹ مسافروں کے لیے اصول واضح نہیں کیے ہیں اور امارات نے بھی یہ نہیں کہا ہے کہ ٹرانزٹ مسافروں کو دبئی کے راستے کسی تیسرے ملک جانے کی اجازت ہوگی۔
مقامی میڈیا کے مطابق اپریل میں سفری پابندی سے پہلے یو اے ای اور انڈیا کے درمیان ہر ہفتے تین سو پروازیں چل رہی تھیں۔
امارات میں 33 لاکھ انڈین شہری رہائش پذیر ہیں جن میں زیادہ تعداد دبئی میں ہے۔
کورونا وائرس کے باعث جو انڈین شہری اپنے ملک میں پھنس گئے تھے وہ پرائیویٹ جہازوں کے ذریعے امارات پہنچے تھے کیونکہ نجی پروازوں پر پابندی نہیں تھی۔

شیئر: