Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی میں پالتو کتے کے کاٹنے سے شہری زخمی، مالک کے خلاف مقدمہ درج

کراچی میں گذشتہ ہفتے ڈیفنس فیز سکس کے علاقے میں پالتو کتوں نے صبح چہل قدمی کے لیے نکلنے والے ایک شہری پر حملہ کر کے بری طرح زخمی کر دیا۔
ڈیفنس کے رہائشی مرزا اختر علی نے پولیس کو بتایا کہ 16 جون کی صبح چھ بجے کے قریب چہل قدمی کے لیے نکلے تو ایک جگہ خالی پلاٹ پر ایک نوجوان دو پالتو کتوں کو ٹہلا رہا تھا۔
’کتوں کے گلے میں کوئی حفاظتی رسی نہیں تھی اور انہوں نے مجھ پر حملہ کر دیا۔‘
اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں کتوں کو ایک شخص پر حملہ آور ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔
واقعہ درخشاں تھانے کی حدود میں پیش آیا۔ پولیس نے مرزا اختر علی کی مدعیت میں کتوں کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق مدعی نے پولیس کو بتایا کہ کتوں کو ٹہلانے والا شخص بھی ان کی مدد کو نہ آیا اور موقع سے بھاگ گیا۔
’تھوڑی دیر بعد قریبی بنگلے سے ایک اور شخص نے کتوں کو آواز دی جس پر کتے وہاں سے چلے گئے۔ وہاں آنے والے ایک ڈرائیور نے انہیں زخمی حالت میں گھر پہنچایا جہاں سے انہیں ہسپتال پہنچایا گیا۔‘
پولیس نے بتایا ہے کہ بنگلے کے مالک کے خلاف  مقدمہ درج ہے مگر وہ ضمانت پر رہا ہے جبکہ بنگلے کے دو ملازمین پولیس کی حراست میں ہیں۔

شیئر:

متعلقہ خبریں