Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حضرت اللہ زازئی: ’آدھا افغانستان کراچی میں بسا ہوا، اسی کا خیال کر لیں‘

افغان کرکٹر کو کراچی کنگز کے خلاف عمدہ کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ (فوٹو: ٹوئٹر حضرت اللہ زازئی)
پشاور زلمی کو پی ایس ایل کے اہم میچ میں فتح دلوانے والے حضرت اللہ زازئی اور ان کے فینز کے لیے یہ ٹورنامنٹ کئی حوالوں سے یادگار رہا ہے۔
23 برس کے افغان کرکٹر حضرت اللہ زازئی پی ایس ایل میں اپنی ٹیم پشاور زلمی کے ساتھ ساتھ افغان نیشنل ٹیم کے بھی اوپنر ہیں۔
اب تک ٹی 20 کرکٹ میں افغانستان کے کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے سب سے زیادہ انفرادی سکور کا اعزاز رکھنے والے حضرت اللہ آئرلینڈ کے خلاف 62 گیندوں پر 162 رنز کے ساتھ یہ کارنامہ سرانجام دے چکے ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ میں سنہ 2016 میں ڈیبیو کرنے والے حضرت اللہ زازئی نے اپنا پہلا میچ متحدہ عرب امارات کی ٹیم کے خلاف کھیلا تھا۔
بائیں ہاتھ سے بیٹنگ اور بولنگ کرنے والے حضرت اللہ افغان نیشنل ٹیم کے علاوہ ’کابل زوانان‘ کی جانب سے بھی کھیلتے ہیں۔

پی ایس ایل سکس میں افغان کرکٹرز

پی ایس ایل میں شریک غیرملکی کھلاڑی شائقین کی توجہ کا باعث رہتے ہی ہیں تاہم اس مرتبہ افغان کرکٹرز کی کارکردگی نے انہی خصوصی فوکس میں رکھا ہے۔

دفاعی چیمپئن کراچی کنگز کے خلاف پی ایس ایل سکس کے پہلے ایلیمنیٹر میں عمدہ بیٹنگ کی بدولت مین آف دی میچ رہنے والے حضرت اللہ اور فاسٹ بولر محمد عامر کا آمنا سامنا بھی شائقین کی یکساں دلچسپی کا باعث رہا ہے۔
کچھ ٹویپس نے ٹورنامنٹ کے دوران دونوں کھلاڑیوں کی کارکردگی کو موضوع بنایا تو حضرت اللہ زازئی کی کارکردگی کے اعدادوشمار تک جمع کر ڈالے۔
پشاور زلمی کے مقابلے میں کراچی کنگنز کو شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہونا پڑا تو شائقین کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی کا ذکر بھی تازہ کرتے رہے۔

حالیہ کامیابی کا تسلسل دیکھنے کے خواہاں زلمی فینز نے میچ جیتنے کا باعث بننے والے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا تو شعیب ملک کے ساتھ ساتھ حضرت اللہ زازئی کو بھی نہیں بھولے۔

کراچی کنگز کے فینز نے اپنی ٹیم کو شکست کھاتا دیکھا اور حضرت اللہ زازئی اس کی وجہ بنے تو کچھ صارفین افغان مہاجرین کی میزبانی کا ذکر کرتے ہوئے ان سے کنگز کے ساتھ رعایتی سلوک کی امید باندھتے دکھائی دیے۔
 

خیال رہے کہ پی ایس ایل کے حالیہ ایڈیشن کے ابتدائی میچز پاکستان میں کھیلے گئے تھے۔ کورونا وبا کی وجہ سے ٹورنامنٹ ملتوی ہوا تو اس کا دوسرا حصہ ابوظبی میں جاری ہے۔ جہاں گذشتہ روز ہونے والے میچ میں پشاور زلمی نے حضرت اللہ زازئی اور شعیب ملک کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت دفاعی چیمپئن کراچی کنگز کو شکست دی تھی۔

شیئر: