Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلوچستان: سبی میں شدت پسندوں کے حملے میں پانچ ایف سی اہلکار ہلاک

ایف سی اہلکار گشت میں مصروف تھے جب گھات لگائے نامعلوم حملہ آوروں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کی (فوٹو: ٹوئٹر)
بلوچستان کے ضلع سبی میں نامعلوم شدت پسندوں کے ایک حملے میں ایف سی کے پانچ اہلکار ہلاک ہوگئے۔
 سبی کی ضلعی انتظامیہ کے ایک سینیئر عہدے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اردو نیوز کو بتایا کہ فرنٹئیر کور بلوچستان 150 ونگ کے اہلکاروں کو جمعرات کی شام سبی سے تقریبا 70 کلومیٹر دور سبی اور ہرنائی کے درمیانی پہاڑی اور غیر آباد علاقے سانگان میں نشانہ بنایا گیا۔
ایف سی اہلکار گشت میں مصروف تھے جب گھات لگائے نامعلوم حملہ آوروں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کی جس میں چار اہلکار موقع پر ہی ہلاک جبکہ پانچواں زخمی ہوا۔
زخمی اہلکار نے بھی بعد ازاں دم توڑ دیا ۔
مرنے والے اہلکاروں میں حوالدار ظفر، لانس نائیک بشیر، لانس نائیک ہدایت، لانس نائیک ناصر اور سپاہی نور اللہ شامل ہیں۔ لاشیں قریبی ایف سی ونگ ہیڈ کوارٹر منتقل کردی گئیں۔
سانگان اور بابرکچھ سے ایف سی کی اضافی نفری نے موقع پر پہنچ کر فرار ہونے والے حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ہے۔
اس حملے کی ذمہ داری اب تک کسی تنظیم نے قبول نہیں کی تاہم اس علاقے میں اس سے پہلے بھی ایف سی پر متعدد بار حملے ہوچکے ہیں۔
ان حملوں کی ذمہ داری علیحدگی پسند مسلح تنظیم بلوچ لبریشن آرمی قبول کرتی رہی ہے۔
ادھر بلوچستان کے جنوب مغربی علاقے تربت میں بھی بازار کے قریب ایف سی کی چوکی پر نامعلوم افراد نے دستی بم پھینکا جو دھماکے سے پھٹ گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں کوئٹہ اور اس کے اطراف کے پہاڑی علاقوں بولان، سبی اور افغانستان اور ایران کی سرحد سے ملحقہ علاقوں میں ایف سی پر حملوں میں شدت دیکھی گئی ہے۔
مئی سے اب تک متعدد حملوں میں 30 سے زائد ایف سی اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں۔

شیئر: