Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بصر وبصيرہ، سعودی عرب میں معاصر فن کی نمائش

’نمائش کے ضمن میں متنوع پروگراموں، ورکشاپوں، مکالموں اور ملاقاتوں کا انعقاد کیا جائے گا‘ ( فوٹو: العربیہ)
شاہ عبد العزیز ثقافتی مرکز ’اثراء‘ کی جانب سے فن کے چاہنے والوں کے لیے ’بصر و بصیرہ‘ نمائش کا آغاز کیا گیا ہے۔ یہاں فنکاروں کی بڑی تعداد ایک ہی چھت کے نیچے اکٹھا ہو گئی ہے۔

العربیہ نیٹ کے مطابق یہ نمائش 9 ماہ تک جاری رہے گی۔ یہ اثراء میں منعقد ہونے والی ایک اہم ترین نمائش ہے جہاں 26 رنگا رنگ فن پارے رکھے گئے ہیں۔

ان میں 16 فن پارے ’اثراء‘ مرکز کے اپنے مجموعے سے تعلق رکھتے ہیں، 4 فن پاروں کو خصوصی طور پر نمائش کے واسطے تیار کیا گیا جب کہ 6 فن پارے مختلف عالمی فنکاروں اور نمائشوں سے مستعار لیے گئے ہیں۔

نمائش میں شامل نمایاں ترین فن پاروں میں سعودی فنکارہ ولاء فضل کا کام بھی ہے۔ ان کے فن پارے کا نام ’نورٌ على نورٌ‘ ہے اور یہ نام قرآن کریم کی سورت النور سے لیا گیا ہے۔

اسی طرح نمائش میں جرمن آرٹسٹ کارسٹن ہولر کا بھی فن پارہ پیش کیا جائے گا۔ یہ فنی کام 6 متحرک دروازوں پر مشتمل ہے۔ یہ دروازے آئینوں سے ڈھکے ہوئے ہیں۔ مساوی زاویوں پر وضع کئے گئے یہ دروازے خود کار طور پر کام کرتے ہیں۔

علاوہ ازیں نمائش میں عائشہ خالد اور روبرٹ ایروین کے فن پارے بھی شامل ہوں گے۔

اس نمائش کے ضمن میں متنوع پروگراموں، ورکشاپوں، مکالموں اور ملاقاتوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس کا مقصد نمائش میں پیش کئے گئے فن پاروں اور فنی کاموں کو انفرادی تبصروں کے ذریعے زیر بحث لانا ہے۔
 

شیئر: