Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’تسلی بخش سکیورٹی‘ پر نیوزی لینڈ کی ٹیم 18 سال بعد پاکستان کا دورہ کرے گی

پاکستان کرکٹ ٹیم نے حالیہ برسوں میں نیوزی لینڈ کا دو بارہ دورہ کیا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
نیوزی لینڈ کے کرکٹ حکام کا کہنا ہے کہ وہ پُرامید ہیں کہ ان کی ٹیم رواں برس 18 سال بعد پاکستان کا دورہ کرے گی۔
نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ وائٹ نے کہا ہے کہ اگر سکیورٹی کے انتظامات تسلی بخش ہوئے تو ان کی کرکٹ ٹیم رواں سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل پاکستان کا دورہ کرے گی۔ 

 

ڈیوڈ وائٹ کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ پاکستان میں کرکٹ بورڈ اور وہاں کی حکومتی ایجنسیوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’سب کچھ ٹھیک جا رہا ہے، سکیورٹی کے تمام انتظامات کو یقینی بنایا جانا، جو کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہم کر لیں گے، ہم پاکستان کے دورے پر جائیں گے۔‘ 
نیوزی لینڈ کے کرکٹ بورڈ کو امید ہے کہ ان کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل پاکستان میں مختصر فارمیٹ کی کرکٹ سیریز کھیل سکے گی۔
اس سیریز سے دونوں ٹیموں کے کھلاڑی عالمی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے تیاری کا آغاز کر سکیں گے جو رواں برس اکتوبر میں منعقد کیا جا رہا ہے۔
پاکستان میں کرکٹ بورڈ انتظامیہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل انگلینڈ کی ٹیم کے ساتھ بھی مختصر فارمیٹ کی سیریز کھیلنے کا شیڈول بنا چکی ہے۔

شیئر: