Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں ’مزید ڈرون حملے ناکام‘

انڈین فوج کا کہنا ہے کہ ’سکیورٹی فورسز ہائی الرٹ ہیں اور سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔‘ (فوٹو: اے پی)
انڈیا کے زیر انتظام جموں کے شمالی علاقے میں انڈین فضائیہ کے  ایئرپورٹ پر ٖڈرونز کے ذریعے دو بم دھماکوں کے ایک دن بعد فوج نے کہا ہے کہ اس نے ملٹری سٹیشن پر دو ڈرونز پر فائر کرتے ہوئے مزید حملے ناکام بنائے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق پیر کو انڈین فوج کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’27 اور 28 جون کی درمیانی رات رتنوچک کالوچک عسکری علاقے میں چوکنے اہلکاروں نے دو علیحدہ ڈرون سرگرمیاں دیکھیں۔ فوجی اہلکاروں نے ان کی جانب 20 سے 25 فائر کیے لیکن دونوں ڈرونز اڑ گئے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’ایک بڑے خطرے کو فوجیوں کے متحرک رہنے کی حکمت عملی کی بدولت  ناکام بنا دیا گیا۔ سکیورٹی فورسز ہائی الرٹ ہیں اور سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔‘
انڈین فضائیہ نے اتوار کو اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا تھا کہ ’اتوار کی صبح جموں و کشمیر ایئرفورس سٹیشن کے تکنیکی حصے میں دو ہلکی نوعیت کے دھماکے ہوئے ہیں۔
ابتدائی رپورٹس کے مطابق جموں ایئربیس پر ہونے والے دھماکے میں کم از کم دو کلوگرام بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا۔ ایسا پہلی بار ہے کہ انڈیا کی دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے ڈرونز کا استعمال کیا گیا جس کے بارے میں ماہرین کا خیال ہے کہ ’کچھ نیا ہے۔‘

ابتدائی رپورٹس کے مطابق جموں ایئربیس پر ہونے والے دھماکے میں کم از کم دو کلوگرام بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا۔ (فوٹو: پی ٹی آئی)

اس حوالے سے سابق لیفٹیننٹ جنرل دیپندر سنگھ ہڈا نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’یہ نئی بات ہے کہ دہشتگرد ڈرونز کا استعمال کر رہے ہیں اور ہمیں اس کے لیے فوری جوابی اقدامات کرنا ہوں گے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ابھی ہمارے پاس ڈرون حملوں کو روکنے کے لیے ٹیکنالوجی نہیں ہے۔‘
دیگر ماہرین کا کہنا ہے کہ حملہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان  امن عمل میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش ہے۔
نئی دہلی میں  منوہر پاریکرانسٹیٹیوٹ فار ڈیفنس سٹڈیز اینڈ انیلیسز کے لکشمن کمار بیہیرا نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’ایسا ہو سکتا ہے کہ کچھ نان سٹیٹ ایکٹرز امن عمل کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہوں۔ دشمن انڈیا کو نقصان پہنچانے کے لیے نئے راستوں کی تلاش میں رہتا ہے۔‘

اسرائیلی اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی کی خریداری

انڈین اخبار ہندوستان کے مطابق انڈیا ملک میں اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی کی تنصیب کے حوالے سے جلد فیصلہ کرنے جا رہا ہے۔
انڈین فوج اسرائیلی اینٹی ڈرون سمیش 2000 پلس سسٹمز کی ہنگامی بنیادوں پر خریداری کر سکتی ہے۔

شیئر: