Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلپائن: عمان اور امارات سے آنے والی پروازوں پر پابندی میں توسیع

فلپائن نے عمان، عرب امارات اور دیگر ممالک سے آنے والی پروازوں پر پابندی میں توسیع کی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
فلپائن نے کورونا وائرس پر قابو پانے کی غرض سے دارالحکومت منیلا سمیت قریبی صوبوں میں کاروبار اور نقل و حرکت پر لگائی گئی پابندیوں میں مزید توسیع کر دی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے ’روئٹرز‘ کے مطابق فلپائن کے صدر روڈریگو دوتیرتے نے جولائی کے وسط تک پابندیوں میں توسیع کی ہے جبکہ مرکزی اور جنوبی علاقوں میں سخت پابندیاں برقرار رکھنے کا کہا ہے۔
دوسری جانب کورونا وائرس کی متعدی اقسام سے بچنے کے لیے عمان، متحدہ عرب امارات اور جنوبی ایشیا کے اکثر ممالک سے آنے والی پروازوں پر عائد پابندی میں بھی توسیع کی گئی ہے۔
فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں کورونا کیسز میں اضافے کے بعد یکم اپریل سے متاثرین کی تعداد میں کمی دیکھنے میں آئی ہے، تاہم چند صوبوں میں کورونا کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ دوسری جانب حکومت کو ویکسین کی تقسیم اور لگانے کے چیلنجز کا سامنا ہے۔
منیلا اور قریبی صوبوں میں تفریحی مقامات، ایمیوزمنٹ پارک، اور کھیلوں پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے، جبکہ ریستوران، جم اور سیاحوں کی دلچسپی کے انڈور مقامات کھلے رکھنے کی اجازت ہے تاہم صرف 40 فیصد گنجائش تک زیر استعمال لایا جا سکتا ہے۔
وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے دارالحکومت منیلا کے علاوہ 21 شہروں اور صوبوں پر سخت پابندیاں عائد ہیں۔
صدارتی ترجمان نے جاری بیان میں کہا ہے کہ ’پابندیوں سے متعلق صدر کو اپیل کرنے کے لیے مقامی حکام کے پاس صرف دو دن کا وقت ہے۔‘
فلپائن میں 25 لاکھ افراد کو ویکسین کی مکمل خوراکیں لگ چکی ہیں جبکہ حکومت کا اس سال سات کروڑ افراد کو ویکسین لگانے کا ہدف ہے جس میں سے 3 اعشاریہ 6 فیصد کو مکمل ویکسین لگائی جا چکی ہے۔
فلپائن کو ایک کروڑ 70 لاکھ ویکسین کی خوراکیں مل چکی ہیں جن میں سے زیادہ تر خوراکیں چینی ویکسین سائنوویک کی ہیں۔
ہفتہ وار خطاب کے دوران فلپائن کے صدر روڈریگو دوتیرتے نے مقامی حکام سے کہا ہے کہ ’ویکسین رکھنے کے لیے کولڈ سٹوریجز تیار کیے جائیں۔‘
فلپائن میں اب تک 14 لاکھ افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 24 ہزار 456 اموات واقع ہوئی ہیں۔ دیگر ایشیائی ممالک کے مقابلے میں فلپائن میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ اموات واقع ہوئی ہیں۔

شیئر: