Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیل اور امارات کی سرکاری ایئرلائنز کے درمیان اشتراک کا معاہدہ

اسرائیل اور امارات کی ایئرلائنز نے کووڈ شیئر معاہدے کا اعلان کیا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کی سرکاری ایئرلائنز نے کوڈشیئر معاہدے کا اعلان کیا ہے، جو کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں وسعت اور گہرائی کی نشانی ہے۔
اسرائیل کے وزیر خارجہ یائر لپید نے رواں ہفتے خلیج میں اسرائیل کے پہلے سفارتخانے کے افتتاح کے لیے متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا تھا جس کے بعد کوڈ شیئر معاہدے کا اعلان کیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اسرائیل اور امارت کی ایئرلائنز کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ  انہوں نے اپنا مشترکہ کوڈ شیئر نیٹ ورک اور زیادہ سفر کرنے والوں کے لیے باہمی وفاداری کا معاہدہ کیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ معاہدہ گذشتہ سال دونوں ممالک کے درمیان ابراہم معاہدہ طے پانے کے بعد اسرائیل اور امارات کے درمیان مفاہمت کی یادداشت کا نیتجہ ہے۔
ایئرلائنز کے کوڈ شیئر معاہدے کے تحت 18 جولائی سے ابو ظبی اور تل ابیب کے درمیان ہفتے میں دو بار چلنے والی اتحاد سروس کی ٹکٹس اسرئیل کی ایئرلائن ایل آل فروخت کرے گی۔ اسرائیلی ایئرلائن زیادہ سفر کرنے والوں کو پوائنٹس بھی دے گی۔
منظوری ملنے کے بعد اتحاد ایئرویز پھر ایل آل ایئرلائن کے 14 روٹس کی ٹکٹس فروخت کرے گی اور زیادہ سفر کرنے والوں کو پوائنٹس دے گی۔
اتحاد کے چیف ایگزیکٹیو ٹونی ڈوگلاس کا کہنا تھا کہ ’ہمیں خوشی ہے کہ ہم نے ایل آل کے ساتھ اپنا کوڈ شیئراور زیادہ سفر کرنے والوں کے لیے پارٹنرشپ کا اعلان کیا ہے۔‘
دونوں ممالک کو امید ہے کہ وہ باہمی تعلقات کے قیام کے بعد تیل، سیاحت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں امکانات سے فائدہ اٹھائیں گے۔

شیئر: