Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اسامہ اور وکی کی سالگرہ پر مسکان کے تھپڑ‘: ’فیصل قریشی کا ٹک ٹاکرز پر غصہ

فیصل قریشی کے ٹک ٹاکرز پر غصے کو کسی نے درست تو کسی نے سکرپٹڈ کہا (ویڈیو گریب)
پاکستانی اداکار اور ٹیلی ویژن میزبان فیصل قریشی کے نجی ٹیلی ویژن بول پر ہونے والے شو کے دوران ’ٹک ٹاکرز پر غصے‘ نے ان کا نام ٹرینڈ لسٹ کا حصہ بنایا، تو کچھ نے اسے ’صحیح علاج‘ مانا، کچھ کو یہ پسند نہیں آیا تو اکا دکا افراد کا کہنا تھا کہ ’یہ سکرپٹڈ‘ ڈانٹ ڈپٹ ہے۔
’فیصل قریشی کے غصے‘ سے متعلق وائرل ہونے والے ویڈیو کلپس میں نشانہ صرف ’ٹک ٹاکر مسکان‘ ہی نہیں بنیں بلکہ ’ایسے لوگوں‘ کو مدعو کرنے والے بھی محفوظ نہ رہ سکے۔
مختلف ویڈیو کلپس میں نمایاں ہے کہ ٹیلی ویژن شو کے دوران سٹیج پر موجود اداکار فیصل قریشی کہتے ہیں کہ ’آج تو اسامہ اور وکی کی سالگرہ ہے‘۔ اس کے بعد ارد گرد موجود شرکا جنہیں ’ٹک ٹاکرز‘ قرار دیا گیا، ان کے قریب آتے ہیں اور ’برتھ ڈے وش‘ کا سلسلہ شروع ہوتا ہے۔
اس دوران فیصل قریشی کے قریب موجود ایک نوجوان کو اس کے ساتھ موجود لڑکیاں تھپڑ رسید کرتی ہیں۔
یہ منظر دیکھ کر فیصل قریشی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہتے ہیں ’کیا کر رہی ہو؟ آن ایئر جا رہا ہوتا ہے مسکان۔‘ ڈانٹ سن کر مذکورہ ’ٹک ٹاکر‘ وہاں سے چلی جاتی ہیں تاہم فیصل قریشی اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے کہتے ہیں ’کیا مذاق بنایا ہوا ہے آپ نے، آپ آن ایئر تھپڑ مار رہی ہیں۔‘
یہ جملے کہہ کر فیصل قریشی پروگرام کی سٹیج چھوڑ کر سائیڈ پر چلے جاتے ہیں۔
پاکستانی اداکار اس موقع پر کیمرے کے سامنے سے ہٹ جاتے ہیں تاہم ان کی آواز سنائی دینے کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ اس موقع پر وہ کسی کو مخاطب کیے بغیر پوچھتے ہیں ’کہاں سے لائے ہو یہ بدتمیز، جاہل لوگ۔‘
فیصل قریشی کے شو میں ’ٹک ٹاکرز کے ساتھ ہونے والے سلوک‘ کو درست قرار دینے والوں نے اداکارہ کے رویے کی حمایت کی تو ان کے نام کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے ٹویٹس بھی کیں۔

معاملے پر تبصرہ کرنے والے کچھ صارفین کو یہ انداز پسند نہ آیا تو ان کا موقف تھا کہ ایسے افراد کو شو میں بلایا ہی کیوں گیا تھا۔
ٹیلی ویژن شو کے دوران ’ٹک ٹاکرز کی سالگرہ، تھپڑ اور پھر خامشی سے جا کر بیٹھ جانے‘ کے مناظر دکھانے والے کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ ’شو سکرپٹڈ تھا اور یہ ڈرامہ ریٹنگ اور شہرت کے لیے کیا گیا۔‘

پاکستانی اداکار فیصل قریشی نجی ٹیلی ویژن پر گیم شو ’خوش رہو پاکستان‘ کی میزبانی کر رہے ہیں۔ وہ مختلف شوز کے دوران سوشل میڈیا پلیٹ فارمز انسٹاگرام، ٹک ٹاک وغیرہ پر فعال اکاؤنٹس رکھنے والوں کو بلا کر ان کے درمیان مقابلے منعقد کراتے رہے ہیں۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ فیصل قریشی نے کسی ٹاک ٹاکر پر’غصے کا اظہار کیا ہو‘، اسی شو میں ایک اور موقع پر بھی وہ شرکا کے رویے پر برہمی ظاہر کر چکے ہیں۔

شیئر: