Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویڈیوز کا دورانیہ 3 منٹ، ’ٹک ٹاکرز کو بہتر مواد بنانے کا موقع ملے گا‘

دنیا بھر میں ٹک ٹاک کے صارفین کی تعداد ایک ارب کے قریب ہے (فوٹو اے ایف پی)
دنیا بھر میں مقبول ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک نے مدمقابل پلیٹ فارمز سے سبقت لینے کے لیے ویڈیوز کا دورانیہ تین منٹ کر دیا ہے جو پہلے دورانیے سے تین گنا زیادہ ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ’ٹک ٹاک کی جانب سے یہ اعلان جمعرات کو کیا گیا۔‘
دنیا بھر میں ٹک ٹاک کے صارفین کی تعداد ایک ارب کے قریب ہے جن میں سے 10 کروڑ کا تعلق امریکہ سے ہے۔
ٹاک ٹاک کے پروڈکٹ مینیجر ڈریو کرچوف نے کہا ہے کہ ’طویل ویڈیوز کے ذریعے ٹک ٹاکرز کو اس پلیٹ فارم پر بہتر مواد بنانے کا موقع ملے گا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’پہلے ویڈیوز کا دورانیہ صرف ایک منٹ تھا اور آئندہ ہفتوں میں دنیا بھر میں صارفین طویل ویڈیوز بنا سکیں گے۔‘
ڈریو کرچوف نے کہا کہ ’آپ میں سے کچھ لوگ شاید پہلے ہی تین منٹ کی ویڈیوز بنا رہے ہوں، کیونکہ ہم نے دنیا بھر میں صارفین کو تجرباتی ویڈیوز بنانے کا موقع دینا شروع کر دیا ہے۔‘
 ٹک ٹاک چین کی ’بائٹ ڈانس‘ کی ملکیت ہے اور یہ دنیا میں مقبول ترین سوشل میڈیا ایپس میں سے ایک ہے، لیکن اسے یوٹیوب اور ٹرلر سمیت دیگر حریفوں کا سامنا ہے۔
دوسری طرف گذشتہ روز انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’مستقبل قریب میں ویڈیوز میں تبدیلی آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹک ٹاک اور یوٹیوب بڑے حریف ہیں۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے سابق صدر کے ٹک ٹاک اور وی چیٹ پر پابندی کے فیصلے کو واپس لے لیا تھا (فوٹو اے ایف پی)

ان کا کہنا تھا کہ انسٹاگرام کے نئے فیچرز جلد آ رہے ہیں جن میں ویڈیوز، میسجنگ، کریٹرز اور شاپنگ جیسے فیچرز شامل ہوں گے۔
جون میں امریکی صدر جو بائیڈن نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹک ٹاک اور وی چیٹ پر پابندی کے فیصلے کو واپس لے لیا تھا۔

شیئر: