Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں موڈرنا ویکسین کی ہنگامی رجسٹریشن کی منظوری

کورونا وائرس کے ایک ہزار 599 نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں( فوٹو روئٹرز)
متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت نے اتوار کو موڈرنا ویکسین کی ہنگامی رجسٹریشن کی منظوری کا اعلان کیا ہے۔
امارات کی سرکاری خبر رساں ایجسنی’ وام‘ نے وزارت صحت کے حوالے سے بتایا کہ ملک میں بیٹا، ڈیلٹا اور ایلفا ویرئنٹ وائرس پھیلنے کی اطلاع ہے۔
وزارت نے اتوار کو یہ اعلان بھی کیا ہے کہ اس نے کورونا وائرس کے ایک ہزار 599 نئے کیسز ریکارڈ کیے ہیں جس سے متحدہ عرب امارات میں ریکارڈ کیسوں کی کل تعداد چھ لاکھ 39 ہزار 476  ہو گئی ہے۔
متحدہ عرب امارات میں اتوار کو کورونا کی عالمی وباسے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کے باعث مزید تین نئے مریض چل بسے جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 834 ہو گئی ہے۔
وزارت صحت نے سنیچر کو ٹوئٹر پوسٹ میں بتایا کہ متحدہ عرب امارات کی تقریباً 73.8 فیصد آبادی کو کورونا ویکسین کی ایک خوراک ملی ہے جبکہ 63.7 فیصد آبادی کورونا کی دو خوراکیں لے چکی ہے۔
وزارت نے عوام کو احتیاطی تدابیر اور سماجی فاصلے کی پابندی جاری رکھنے کی تلقین کی ہے۔
وزارت صحت کے اعلان کے مطابق ’ پچھلے چوبیس گھنٹے میں کورونا ویکسین کی مزید 75 ہزار 957 خوراکیں دی گئی ہیں۔‘
اب تک ویکسین کی مجموعی طور پر ایک کروڑ 55 لاکھ 4 ہزار 238 خوراکیں دی جا چکی ہیں۔

شیئر: