Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اب پروٹوکول اور سکیورٹی کے ساتھ نہیں جاؤں گا: عمران خان

وزیر اطلاعات کے مطابق وزیراعظم نے تمام وزرا اور گورنرز کو پروٹوکول میں کمی لانے کی ہدایت کی ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کابینہ کے آئندہ اجلاس میں وزرا اور گورنرز کے پروٹوکول میں کمی کے لیے جامع پالیسی بنائی جائے گی۔ ’عوام کو شان وشوکت سے مرعوب کرنے کی نوآبادیاتی دور کی اس میراث کا خاتمہ کریں گے۔‘
ٹوئٹر پر بیان میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ٹیکس دینے والوں کی رقم اور عوام کو تکلیف سے  بچانے کے لیے وہ کسی بھی نجی تقریب میں پروٹوکول اور سکیورٹی کے ساتھ نہیں جائیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ ’وزرا، گورنروں اور تحریک انصاف کے وزرائے اعلیٰ کے پروٹوکول اور سکیورٹی پر بھی نظرثانی کر رہا ہوں کہ ہم کیسے اخراجات میں کمی اور عوامی مشکلات کا خاتمہ کر سکتے ہیں۔‘
قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا تھا کہ وزیراعظم نے تمام وزرا اور گورنرز کو پروٹوکول میں کمی لانے کی ہدایت کی ہے جبکہ بڑے پروٹوکول پر ایکشن لیا جائے گا۔
منگل کو اسلام آباد میں کابینہ اجلاس کے بعد صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 15 جولائی تک الیکٹرانک ووٹنگ کا نظام تیار کر لیا جائے گا۔
انہوں نے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب تحریک انصاف کی حکومت آئی تو وہ 20 ارب ڈالر تھا۔
وزیر اطلاعات کے مطابق ’صرف تین سال کے عرصے میں اس خسارے کو زیرو کر دیا گیا ہے۔‘  
وزیراعظم کی جانب سے بلوچستان میں عسکریت پسندوں سے بات چیت کے اشارے کے حوالے سے فواد چوہدری نے بتایا کہ انڈیا کے ساتھ مل کر پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ناراض بلوچوں سے بات چیت نہیں ہو گی۔
انہوں نے وضاحت کی کہ ’صرف سیاسی طور پر ناراض بلوچوں سے مذاکرات ہوں گے، اور اس پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ انڈین جاسوس کلبھوشن یادو کی گرفتاری کے بعد انڈیا کا دہشت گردی کا نیٹ ورک بے نقاب ہوا۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ’بلوچستان میں انڈیا کے دہشت گردی کے نیٹ ورک کو بڑی کامیابی کے ساتھ توڑا گیا ہے۔‘ 
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ’محکمہ انسداد دہشت گردی اور پنجاب پولیس نے انڈیا کے ایک بڑے گروپ کو بے نقاب کیا ہے، جس کو دہلی کے بینکوں سے رقم منتقل کی گئی۔ اس حوالے سے مزید تفصیلات چند ہفتوں میں سامنے لائی جائیں گی۔‘

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں الیکٹرانک ووٹنگ نظام پر سائنس و ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر نے بریفنگ دی۔ فائل فوٹو: اے پی پی

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا چاہتی ہے، اسی ضمن میں کابینہ اجلاس میں رپورٹ پیش کی گئی جس پر وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے بریفنگ دی۔
فواد چوہدری نے وزیراعظم کے گوادر کے دورے کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے عیاں ہے کہ پاکستان سی پیک کو کتنی اہمیت دیتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وزیراعظم عمران خان چین کی کمیونسٹ پارٹی صد سالہ تقریب سے آن لائن خطاب کریں گے۔

شیئر: