Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلنکن، قریشی رابطہ: افغانستان میں امن تمام سٹیک ہولڈرز کی مشترکہ ذمہ داری

شاہ محمود قریشی نے انٹونی بلنکن کا کورونا کے حوالے سے امریکہ کی جانب سے پاکستان کی امداد پر شکریہ ادا کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔
وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آج جمعے کو امریکی وزیر خارجہ کی کال وصول کی ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی تعلقات اور خطے میں ہونے والی اہم پیشرفتوں کے حوالے سے بات چیت کی۔
شاہ محمود قریشی نے دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے پاکستان کے امریکہ کے ساتھ وسیع البنیاد، طویل مدتی اور پائیدار تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم پر زور دیا جو خطے میں گہرے معاشی تعاون، علاقائی رابطے اور امن سے پیوست ہیں۔
افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے پاکستانی وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ ’افغانستان میں پرامن تصفیے کی ضرورت پر پاکستان اور امریکہ کے مابین بنیادی ہم آہنگی موجود ہے۔‘
انہوں نے افغان امن عمل کی حمایت میں پاکستان کے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’افغانستان میں امن کو محفوظ رکھنا افغانستان کے اندر تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ساتھ اہم علاقائی اور بین الاقوامی عناصر کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔‘
’تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے لیے یہ لازمی ہے کہ وہ تمام افغان پارٹیوں پر دباؤ ڈالیں کہ وہ ایک جامع، وسیع البنیاد اور جامع سیاسی تصفیے کے حصول کے لیے تعمیری کام کریں۔‘
شاہ محمود قریشی اور امریکی وزیر خارجہ نے امن عمل میں بامعنی پیشرفت کو یقینی بنانے کے لئے دونوں فریقوں کے درمیان قریبی ہم آہنگی اور تعاون کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
دونوں فریقین نے علاقائی رابطے اور دیگر اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا کورونا کے حوالے سے امریکہ کی جانب سے پاکستان کی امداد پر شکریہ ادا کیا۔

شیئر: