Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں صنعتی تربیتی پروگرام سے ایک ہزار 400 افراد کو فائدہ

سعودی انڈسٹریل ڈویلپمنٹ فنڈ اکیڈمی نے پندرہ تربیتی پروگرام مکمل کیے ہیں( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی انڈسٹریل ڈویلپمنٹ فنڈ (ایس آئی ڈی ایف) اکیڈمی نے 2021 کے پہلے نصف حصے کے لیے 15 تربیتی پروگراموں کو مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ان تربیتی پروگراموں میں صنعتی ماحولیاتی نظام میں موجود 370 اداروں کے ایک ہزار 400 ٹرینی شریک ہوئے جن کی نمائندگی سرکاری اور نجی شعبے نے کی۔
اکیڈمی کے پروگرامز نو مقامی اور عالمی تربیت فراہم کرنے والوں کی شراکت میں منعقد ہوئے تھے جن میں فنانس،کاروبار،جدت طرازی اور ڈیجیٹلائزیشن کی خصوصی ہدایت بھی شامل ہے۔
یہ پروگرام دنیا کے بہترین تربیت فراہم کرنے والوں کے تعاون سے فراہم کیے گئے ہیں جن میں فلچ لرننگ، لندن بزنس سکول، سٹینفورڈ سینٹر فار پروفیشنل ڈویلپمنٹ اور سلیکون ویلی انوویشن سینٹر شامل ہیں۔
یہ کاوشیں صنعتی ماحولیاتی نظام کے اندر ملازمین کی صلاحیتوں کو بڑھانے، انہیں جدید ترین علم اور مہارت مہیا کرنے اور انہیں جدید پیشہ ورانہ پیشرفت کے ساتھ بااختیار بنانے میں اکیڈمی کے کردار کا ایک حصہ ہیں۔
2019 میں اپنے قیام کے بعد سے اس اکیڈمی نے 18 سے زیادہ مقامی اور عالمی تربیت فراہم کرنے والوں کی شراکت میں 35 پروگرام شروع کیے ہیں  اور صنعتی ماحولیاتی نظام کے اندر370 مختلف اداروں کے 3360 سے زائد ملازمین کو ہدایت دی ہے۔

شیئر: