Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پاکستان کو ایسٹرازینیکا اور فائزر ویکسین کی 13 لاکھ خوراکیں ملیں گی‘

اس سے قبل پاکستان کو کوویکس کے تحت ایسٹرازینیکا کی پہلی کھیپ کے ذریعے 12 لاکھ سے زائد خوراکیں ملی تھیں (فوٹو: روئٹرز)
آئندہ ہفتے پاکستان کو کورونا ویکسین ایسٹرازینیکا کی ایک نئی کھیپ مل جائے گی جبکہ آئندہ ہفتے ہی پاکستان کی طرف سے خریدی گئی فائزر ویکسین کی ایک لاکھ خوراکیں بھی ملنے کی توقع ہے۔
پاکستان کی وزارت قومی صحت کی جانب سے سنیچر کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق ’ویکسین کی نئی کھیپ کوویکس کے تحت ملے گی۔‘
حکام وزرات صحت کا کہنا ہے کہ ’پاکستان کو نئی کھیپ میں ایسٹرازینیکا ویکسین کی 12 لاکھ 36 ہزار خوراکیں ملنے کی توقع ہے۔‘
حکام کے مطابق ’یہ کوویکس کے تحت پاکستان کو ملنے والی ایسٹرازینیکا ویکسین کی دوسری کھیپ ہوگی۔‘
اس سے قبل پاکستان کو کوویکس کے تحت ایسٹرازینیکا کی پہلی کھیپ کے ذریعے 12 لاکھ سے زائد خوراکیں ملی تھیں۔
حکام وزرات صحت کا کہنا ہے کہ ’آئندہ ہفتے پاکستان کی طرف سے خریدی گئی فائزر ویکسین کی ایک لاکھ خوراکیں پہنچنے کی توقع ہے۔‘
’پاکستان میں اب تک کورونا ویکسین کی 2 کروڑ 90 لاکھ خوراکیں آچکی ہیں۔‘
پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 لاکھ 6 ہزار 344 افراد کو کورونا وائرس کے بچاؤ کی ویکسین کی ایک خوراک لگائی گئی ہے جبکہ ایک لاکھ 16 ہزار 399 شہریوں کو مکمل ویکسین لگائی گئی ہے۔  
پاکستان میں اب تک ایک کروڑ 53 لاکھ 20 ہزار 363 افراد کو جزوی طور پر کورونا ویکسین لگ چکی ہے جبکہ 37 لاکھ 46 ہزار 989 افراد کو مکمل ویکسین لگائی جا چکی ہے۔

پاکستان میں مجموعی طور پر کورونا ویکسین کی ایک کروڑ 90 لاکھ 67 ہزار 352 خوراکیں لگائی گئی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

اس طرح ملک میں مجموعی طور پر اب تک کورونا وائرس ویکسین کی ایک کروڑ 90 لاکھ 67 ہزار 352 خوراکیں لگائی گئی ہیں۔  
واضح رہے کہ پاکستان میں کوورنا وائرس کے 9 لاکھ 71 ہزار 304 مصدقہ کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے 36 ہزار 454 فعال کیسز ہیں۔
ملک میں کورونا کی وبا سے اب تک 22 ہزار 555 ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ 9 لاکھ 12 ہزار 295 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔  

شیئر: