Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب سے اظہارِ یکجہتی، علاقائی شوبز شخصیات بھی حمایت میں پیش پیش

ابراہیم الحجاج نے کہا کہ موجودہ صورتحال پر کوئی مسلمان خاموش نہیں رہ سکتا (فوٹو: گیٹی امیج)
سعودی اداکار ابراہیم الحجاج اور قطر میں مقیم کانٹینٹ کریئیٹر عمر الشرھان نے مملکت کے لیے فخر اور حمایت کے پیغامات شیئر کیے ہیں۔ یہ ردِعمل ایسے وقت سامنے آیا جب ایک الرٹ کے دوران اپنی بہن کو پُرسکون انداز میں تسلی دینے والے ایک کم عمر سعودی لڑکے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی۔
اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ الرٹ کی آواز پر ایک بچہ کمرے میں اپنی بہن کے پاس جاتا ہے اور اسے تسلی دیتا ہے۔ ویڈیو پر موجود تحریر کے مطابق، وہ اپنی بہن سے کہتا ہے کہ ’ہم سعودی عرب میں ہیں، ڈرو مت۔‘
ایتھلیٹ، ایم سی اور کانٹینٹ کریئیٹر عمر الشرھان نے بھی یہ ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی۔
انہوں نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ ’اس بچے کا دل بہت مضبوط ہے۔ اللہ تعالیٰ سعودی عرب اور اس کے عوام کو ہر قسم کے خطرات سے محفوظ رکھے۔‘
باکس آفس پر کامیابی حاصل کرنے والی فلم ’ستار‘ میں اداکاری کرنے والے سعودی اداکار ابراہیم الحجاج نے بھی یہ ویڈیو شیئر کی۔ اس سے قبل، انہوں نے 25 ستمبر کو ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں انہوں نے ستمبر میں حوثی ملیشیا کی جانب سے مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی کوشش پر بات کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ’میں عام طور پر ایسے معاملات پر تبصرہ نہیں کرتا جن کا تعلق نہ مجھ سے ہو اور نہ ہی میرے شعبے سے۔ لیکن آج میں نہ تو ایک اداکار کی حیثیت سے بات کر رہا ہوں، نہ کسی مشہور شخصیت کے طور پر، اور سچ کہوں تو ایک سعودی شہری کی حیثیت سے بھی نہیں۔ میں ایک مسلمان کی حیثیت سے بات کر رہا ہوں جو موجودہ صورتحال پر خاموش نہیں رہ سکتا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’حوثیوں کی جانب سے مکہ مکرمہ پر حملہ سعودی عرب کے کسی علاقے یا کسی ملک کی سرحدوں پر حملہ نہیں ہے، بلکہ یہ اس مقدس مقام پر حملہ ہے جو ہر مسلمان کے دل میں بستا ہے۔ مکہ صرف سعودیوں کا نہیں ہے۔ مکہ اردنیوں، شامیوں، مصریوں، لبنانیوں اور مراکشیوں کا بھی ہے۔ مکہ ہر عرب اور دنیا کے ہر کونے میں بسنے والے ہر مسلمان کا ہے۔ ہماری قومیتیں اور بولیاں خواہ کتنی ہی مختلف کیوں نہ ہوں، ہم سب کا قبلہ ایک ہے۔‘
اداکار نے مزید کہا کہ ’مکہ کی حفاظت کے لیے اللہ ہے اور اور ایسے لوگ بھی ہیں جو اس کا تحفظ کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی حفاظت فرمائے اور ہم سب کو اپنی امان میں رکھے۔‘

شیئر: