Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سندھ میں ڈیلٹا ویریئنٹ کے کیسز، جمعرات سے انڈور ڈائننگ بند کرنے کا فیصلہ

سکولوں کو بھبی پہلی جماعت سے لے کر آٹھویں تک بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
صوبہ سندھ میں جمعرات سے انڈور ڈائننگ، انڈور جمز اور سینما بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بدھ کو وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت صوبائی کوویڈ ٹاسک فورس نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کچھ اہم فیصلے کیے ہیں۔
انڈور ڈائننگ کے علاوہ سکولوں کو پہلی جماعت سے لے کر آٹھویں تک بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ نویں کلاس اور اس سے اوپر کی جماعتوں کے لیے تعلیمی ادارے سوائے امتحانات کے بند ہو جائیں گے۔
 تفریحی پارکس، واٹر پارکس، سی ویو، ہاکس بے اور کینجھر جیسے مقامات کو بھی جمعے سے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کراچی میں کورونا وائرس کے ڈیلٹا ویریئنٹ کے 35 کیسز سامنے آئے ہیں جس کی وجہ سے ایک بار پھر انڈور ڈائننگ اور سکولوں کو مکمل طور پر کھولنے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا ہے۔
ڈیلٹا ویرینٹ کے پیش نظر وزیر اعظم عمران خان نے بھی احتیاطی تدابیر اپنانے پر زور دیا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان نے دو کروڑ سے زائد ویکسین کی خوراکیں لگانے کا سنگ میل عبور کر لیا ہے۔

  تفریحی پارکس، واٹر پارکس کو جمعے سے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

یکم جولائی سے اب تک ویکسین کی 40 لاکھ سے زائد خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔
خیال رہے کہ ویکسین نہ لگوانے کے خلاف ملک بھر میں سخت کارروائیاں جاری ہیں۔
پنجاب حکومت نے لاہور میں تمام پرائیویٹ اداروں اور کاروباری مراکز کو پانچ روز کا الٹی میٹم دے دیا ہے کہ ان کے سٹاف کا کوئی ممبر بھی ویکسین کے بغیر ہوا تو عمارت کو سیل کر دیا جائے گا۔ جبکہ یہی الٹی میٹم ریستورانوں کو دو دن کا دیا گیا ہے۔

شیئر: