Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’لوکیشن پر آلودگی پھیلانے‘ کا الزام، عامر خان پروڈکشن ہاؤس کی تردید

عامر خان پروڈکشن ہاؤس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’ہم شوٹنگ کے مقامات پر صفائی کے اصولوں کی پاسداری کرتے ہیں‘ (فوٹو: انسٹاگرام)
بالی وڈ کے ’مسٹر پرفیکٹ‘ آج کل اپنی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور ان کی شوٹنگ کی کچھ تصاویر اور ویڈیو کلپس بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے ہیں۔
عامر خان کے مداح اس فلم کے لیے بہت پُرجوش ہیں اور بےتابی سے اس کی ریلیز کا انتظار کر رہے ہیں لیکن گذشتہ دنوں وائرل ہونے والے ایک ویڈیو کلپ نے اس فلم کی کاسٹ اور عملے کو مشکل میں ڈال دیا تھا۔
ہوا کچھ یوں کہ ٹوئٹر پر جگمت لداخی نامی صارف نے ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں جگہ جگہ زمین پر خالی ڈبے پڑے نظر آ رہے ہیں، اس کے ساتھ انہوں نے لکھا تھا کہ ’بالی وڈ سٹار عامر خان کی فلم لال سنگھ چڈھا کی جانب سے لداخ کے دیہاتیوں کے لیے یہ تحفہ چھوڑا گیا ہے۔ عامر خان خود تو ماحول صاف رکھنے کے لیے بڑی باتیں کرتے ہیں لیکن جب اپنے اوپر بات آئے تو یہ ہوتا ہے۔‘
اس ٹویٹ پر انڈیا میں سوشل میڈیا صارفین نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کچرا پھیلانے پر فلم کی پوری ٹیم کو سزا دینی چاہیے اور آئندہ کے لیے سخت قواعد وضع کرنے چاہییں تاکہ نہ صرف عام شہری بلکہ بڑی شخصیات بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔

اس معاملے پر اب عامر خان کے پروڈکشن ہاؤس کی جانب سے بدھ کے روز انسٹاگرام پر ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں ’لوکیشن پر آلودگی پھیلانے‘ کے الزامات کی تردید کی گئی ہے۔
عامر خان پروڈکشن ہاؤس نے بیان میں کہا ہے کہ ’عامر خان پروڈکشن یہ واضح کرنا چاہتی ہے کہ بطور ایک کمپنی ہم شوٹنگ کے مقامات پر صفائی کے اصولوں کی پاسداری کرتے ہیں۔ ہماری ایک ٹیم ہے جو اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ لوکیشن ہر وقت گندگی سے پاک رہے۔ دن کے اختتام پر پوری جگہ ایک بار پھر جائزہ لیا جاتا ہے۔ ہم یہ یقینی بناتے ہیں کہ ہم جگہ کو اسی طرح صاف ستھرا چھوڑیں جیسی یہ ہمیں ملی تھی۔‘

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’کچھ افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ شوٹنگ کی جگہ کو صاف نہیں چھوڑا گیا ہم ایسے دعووں کی تردید کرتے ہیں۔‘ 
 عامر خان کی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ رواں سال کرسمس پر ریلیز کی جائے گی جس میں ان کے مدمقابل کرینہ کپور نظر آئیں گی۔

شیئر: