Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان: کورونا کیسز کی مثبت شرح میں اضافہ، سندھ میں پابندیاں نافذ

سندھ میں سکولوں کو پہلی جماعت سے لے کر آٹھویں تک بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
ملک میں کورونا وائرس کے حوالے سے معاملات دیکھنے والے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جمعرات کو جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں مہلک وائرس سے 47 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
مثبت کیسز کی شرح میں بھی اضافہ ہوا ہے اور یہ بڑھ کر پانچ اعشاریہ دو فیصد ہو گئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں 48,910 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2545 کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
صوبہ سندھ میں آج سے کورونا کے پیش نظر پابندیان نافذ کر دی گئی ہیں اور صوبے بھر میں انڈور ڈائننگ، انڈور جمز اور سینما بند کر دیے گئے ہیں۔
انڈور ڈائننگ کے علاوہ سکولوں کو پہلی جماعت سے لے کر آٹھویں تک بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ نویں کلاس اور اس سے اوپر کی جماعتوں کے لیے تعلیمی ادارے سوائے امتحانات کے بند ہو جائیں گے۔
 تفریحی پارکس، واٹر پارکس، سی ویو، ہاکس بے اور کینجھر جیسے مقامات کو بھی جمعے سے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کراچی میں کورونا وائرس کے ڈیلٹا ویریئنٹ کے 35 کیسز سامنے آئے ہیں جس کی وجہ سے ایک بار پھر انڈور ڈائننگ اور سکولوں کو مکمل طور پر کھولنے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا ہے۔

شیئر: