Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈیرہ غازی خان میں ٹریفک حادثہ، ہلاکتوں تعداد 30 ہو گئی

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ فوٹو: سکرین گریب
صوبہ پنجاب کے شہر ڈیرہ غازی خان کے قریب سڑک کے ایک حادثے میں حکام کے مطابق کم از کم 30 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
 وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پیر کی صبح ڈیرہ غازی خان کے علاقے میں تونسہ روڈ پر ٹرک اور بس میں تصادم  میں 30 مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ڈرائیورز لوگوں کی زندگیوں کے امین ہیں انہیں مزید احتیاط کرنا چاہیے۔
مزید پڑھیں
تونسہ روڈ پر سیالکوٹ سے راجن پور آنے والی مسافر بس اور ٹرالر میں خوفناک ٹکر کے بعد ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو ڈاکٹر نیّر عالم نے میڈیا کو بتایا کہ حادثے کی شکار بس میں 75 مسافر سوار تھے۔
انہوں نے بتایا کہ تمام زخمیوں کو ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیا گیا۔
فواد چوہدری نے ٹویٹ کیا کہ ’ڈیرہ غازی خان کے قریب ٹریفک ایکسیڈنٹ میں 30 لوگ جان کی بازی ہار گئے ہیں، کب ہم بحیثیت قوم یہ احساس کریں گے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی جان لیوا ہے، پبلک ٹرانسپورٹ کے ڈرائیورز لوگوں کی زندگیوں کے امین ہیں، انھیں اور بھی احتیاط کی ضرورت ہے۔‘
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بھی حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک ہونے والوں کے اہلخانہ سے تعزیت کی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں ہر ماہ ٹریفک حادثات کے متعدد واقعات رپورٹ ہوتے ہیں۔ ان حادثات کی ایک بڑی وجہ سڑکوں کی خستہ حالت،مسافر بسوں کے ڈرائیورز کی غفلت اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد نہ ہونا شامل ہے۔
 
 

شیئر: